آگرہ متھرا میں حملوں کا خطرہ سخت چوکسی کا حکم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-18

آگرہ متھرا میں حملوں کا خطرہ سخت چوکسی کا حکم

آگرہ
یو این آئی
یوم جمہوریہ اور امریکی صدر بارک اوباما کی جاریہ ماہ کے اواخر میں نئی دہلی اور پھر آگرہ آمد سے قبل انٹلیجنس ایجنسیوں کی جانب سے خطرہ کے امکانات ظاہر کئے جانے کے بعد آگرہ اور متھرا ، بالخصوص یمنا اکسپریس وے پر ہائی الرٹ برتنے کا حکم دیا گیا ہے ۔165کلو میٹر طویل یمنا اکسپریس وے پر سیکوریٹی میں اضافہ کردیا گیا ہے اور پی اے سی کی چار کمپنیوں کو اہم مقامات پر تعینات کیا گیا ہے ۔ ممبئی ایر پورٹ کے ایک بیت الخلاء کی دیوار پر کسی نے یہ تحریر کیا تھا کہ دہشت گردوں نے26جنوری کو ممبئی میں حملہ کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے ۔ آئی جی پولیس سنیل گپتا نے آج یہاں بتایا کہ خطرہ کے اندیشہ کے تحت یمنا اکسپریس وے پر سیکوریٹی سخت کردی گئی ہے ۔۔انہوں نے بتایا کہ آگرہ کی سٹی پولیس اور مقامی انٹلی جنس یونٹوں سے کہاگیا ہے کہ وہ فرضی مشقیں کرتے ہوئے چوکسی اور سازوسامان و ہتھیاروں کے موقف کی جانچ کرے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم مقامی انتظامیہ ، محکمہ صحت اور محکمہ ٹرانسپورٹ کے ساتھ تال میل پیدا کریں گے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کے لئے تیار رہ سکیں ۔گپتا نے بتایا کہ تمام ایس پیز اور ایس ایس پیز سے کہا گیا ہے کہ وہ عام مقامات پر جہاں لوگوں کی زیادہ آمد و رفت رہتی ہے کے علاوہ عوامی ٹرانسپورٹ بشمول ریلویز اور اسکولوں میں سیکوریٹی انتظامات سخت کردیں ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں