وشاکھاپٹنم میں آئی آئی ایم کا سنگ بنیاد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-18

وشاکھاپٹنم میں آئی آئی ایم کا سنگ بنیاد

وشاکھاپٹنم/حیدرآباد
آئی اے این ایس/ منصف نیوز بیورو
مرکزی وزیر فروغ انسانی وسائل اسمرتی ایرانی نے پڑوسی ریاست آندھرا پردیش کے ساحلی شہر وشاکھا پٹنم کے قریب گمبھیرم موضع میں انڈین انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ (آئی آئی ایم ) کا آج سنگ بنیاد رکھا۔ آندھر اپردیش کی تنظیم جدید ایکٹ کے تحت ریاست کو مرکزی حکومت کی جانب سے منظورہ11اداروں میں آئی آئی ایم۔ وشاکھا پٹنم پہلا ادارہ ہے جس کا آج سنگ بنیاد رکھ دیا گیا ہے ۔ یہ ادارہ تقریباً400ایکر اراضی پر قائم کیاجائے گا ۔ امکان ہے کہ مرکزی تعلیمی ادارہ جون سے اپنا کام شروع کردے گا اور نئے تعلیمی سال سے کلاسس کا بھی آغاز کردیاجائے گا ۔ سنگ بنیاد تقریب میں مرکزی وزیر شہری ترقیات ایم وینکیا نائیڈو ،و زیر شہری ہوابازی اشوک گجپتی راجو ، چیف منسٹر اے پی این چندرا بابو نائیدو ، کئی ریاستی وزراء ، ارکارن پارلیمنٹ اور اسمبلی اور دیگر عوامی نمائندے موجود تھے ۔ آئی آئی ایم کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسمرتی ایرانی نے کہا کہ باوقار ادارہ کا قیام عمل میں لاتے ہوئے حکومت، آندھر اپردیش کے نوجوانوں کے خوابوں کو تعبیر عطا کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ آئی آئی ٹیز ، آئی آئی ایمس اور این آئی ٹیز، جیسے باوقار ادارے اعلی تعلیم کے خواہاں تمام شہریوں کو مفت آن لائن اوپن کورسس کا پیشکش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئے سال میں بیشمار امیدوں اور توقعات کے ساتھ ایک نئے اعلیٰ تعلیمی ادارے کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے انہیں بے پناہ مسرت ہورہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ بجٹ میں آئی آئی ایم ۔ وشاکھا پٹنم کی منظوری دی گئی تھی اور اسے آگے بڑھاتے ہوئے آج کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا ۔ آئندہ پارلیمانی اجلاس میں آئی آئی ایم بل منظور کیا جائے گا۔ اسمرتی ایرانی نے بتایا کہ حکومت ، ایک نیا تعلیمی نظام تیار کرنے میں بھی مصروف ہے ۔ انہوں نے حکومت اے پی سے خواہش کی کہ وہ نئے تعلیمی نظام کی تیاری میں مفید مشورے دے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس بات کی خواہاں ہے کہ ملک کا ہر بچہ اور ہر شہری زیور تعلیم سے آراستہ ہو۔ مرکزی وزیر شہری ترقیات ایم وینکیا نائیڈو نے اپنے خطاب میں تیقن دیا کہ تمام اداروں کے قیام میں مرکزی حکومت ہر ممکن تعاون کرے گی ۔
انہوں نے کہا کہ وسیع علم و ہنر، صلاحیتوں اور مہارت کی موجودگی میں آندھرا پردیش کے پاس اس بات کا پورا موقع ہے کہ وہ مستقبل میں ہندوستان کا علمی مرکز بن کر دکھائے ۔ ریاست میں آئی آئی ایم کے قیام کو اے پی کے لئے نیک شگون قرار دیتے ہوئے وینکیانائیڈو نے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو کی کارکردگی کو مثالی بتایا اور توقع ظاہر کی کہ ان کی دانشمندانہ قیادت میں ریاست ترقی کی نئی بلندیاں چھولے گی ۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح حیدرآباد تلنگانہ میں سب کی توجہ کا مرکز ہوتا ہے ، اسی طرح اے پی میں چندرابابو نائیڈو ، مرکز توجہ ہیں۔ چیف منسٹر آندھر اپردیش این چندرابابو نائیڈو نے خطاب کرتے ہوئے وشاکھا پٹنم کو ملک کا بہترین مقام قرار دیا اور کہا کہ ان کی حکومت اسے عالمی معیاری شہرکے طور پر فروغ دینے کا ارادہ رکھتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وشاکھا پٹنم کو ایک اسمارٹ سٹی میں تبدیل کرنے کے لئے بہت جلد یادداشت مفاہمت پر دستخط کیے جاءٰں گے ۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ آئی آئی ایم۔ وشاکھا پٹنم لاجسٹکس ، ڈیولپمنٹ اور مرین اسٹیڈیز میں اختراعی و انوکھے کورسس متعارف کرائے ۔ چیف منسٹر نے مزید کہا کہ یہ شہر بہت جلد سرلا برلا اکیڈمی اور برلا انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی اینڈ سائنس( بٹس) کے ایک کیمپس کا حامل ہوجائے گا ۔ یہ بیان کرتے ہوئے کہ اعلیٰ تعلیم کے شعبہ میں ریاست پہلے سے ہی بہت آگے ہے ، نائیڈو نے کہا کہ ہمیں انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی(آئی آئی ٹی) آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسس( ایمس) ایک مرکزی یونیورسٹی اور ایک قبائلی یونیورسٹی بھی حاصل ہونے والی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں اعلیٰ تعلیمی اداروں کا جال بچھا کر بڑے پیمانے پر تعلیم کو فروغ دیاجائے گا۔ وشاکھا پٹنم میں ایک انکیوبیشن سنٹر بھی قائم کیاجائے گا ۔ حصول تعلیم کی افادیت سے واقف کرانے طلباء کی رہبری کی جائے گی اور بہترین تعلیمی مظاہرہ پر انہیں پرتبھا ایوارڈس سے نوازاجائے گا ۔ اساتذہ کی بھی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں اے پی کو تعلیمی وطبی مرکز میں تبدیل کردیاجائے گا ۔ تعلیم کے ذریعہ نوجوانوں کی زندگیوں میں معاشی انقلاب برپا کیاجائے گا۔ ریاستی وزیر فروغ انسانی وسائل جی سرینواس راؤ نے اپنے خطاب میں آئی آئی ایم وشاکھا پٹنم کے قیام کو ریاست کی تاریخ کے ایک نئے باب کا آغاز قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت، تعلیم یافتہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو فروغ دینے جلد اسکل ڈیولپمنٹ یونیورسٹی کا قیام بھی عمل میں لائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اساتذکی مخلوعہ جائیدادوں پر بھی تقررات کیے جارہے ہیں، انہوں نے بتایا کہ تعلیمی سال2015-16سے آئی آئی ایم۔ وشاکھاپٹنم میں داخلوں کا آغاز ہوجائے گا ۔ قبل ازیں چندرابابو نائیڈو نے جمعہ کے دن اس بات کو یقینی بنایا تھا کہ آئی آئی ایم کا سنگ بنیاد پھر ایک مرتبہ ملتوی نہ ہوجائے ۔ بتایا گیا ہے کہ170سے زائد کسانوں نے اپنی اراضی سے دست بردار ہونے سے انکار کردیا تھااور کہا تھا کہ وہ ان اراضیات پر برسوں سے کاشت کررہے ہیں ۔، انہوں نے اس وقت اپنا احتجاج ختم کردیا جب چندرا بابو نائیڈو نے ان کے لئے ایک خصوصی پیکیج کا اعلان کیا ۔ آئی آئی ایم وشاکھا پٹنم کا سنگ بنیاد قبل ازیں 5جنوری کو رکھا جانیو الاتھا تاہم کسانوں کے احتجاج کی بنا پر اسے ملتوی کرنا پڑا۔

Foundation stone laid for IIM-Visakhapatnam

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں