ہندوستان سے مذاکرات کی بحالی کے لئے سنجیدہ کوششوں کی ضرورت - سرتاج عزیز - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-22

ہندوستان سے مذاکرات کی بحالی کے لئے سنجیدہ کوششوں کی ضرورت - سرتاج عزیز

اسلام آباد
پی ٹی آئی
پاکستان نے آج کہا کہ ہندوستان کے ساتھ معطل مذاکرات کی بحالی کے لئے سنجیدہ کوششوں کی ضرورت ہوگی۔ پاکستانی وزیر اعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز نے ترقی جمہوریت اور امن کے موضوع پر علاقائی مذاکرات کے بعد اخباری نمائندوں کو یہ بات بتائی ۔ انہوں نے کہا ہمارے سامنے متبادل راستے واضح ہیں ، یا تو ہم باہمی عدم اعتمادی اور دشمنی کے ماحول میں رہ سکتے ہیں یا پائیدار مذاکرات کے ذریعہ تنازعات و اختلافات کی یکسوئی کے لئے سنجیدہ کوششیں کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی ایشیاء کی معیشت کے اندر تجارت اور توانائی کا علاقائی ارتباط صورتحال کو تبدیل کرنے کا عنصر بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا’’لیکن علاقائی تعاون اور علاقائی تال میل کے اس نظریہ کے لئے جنوب ایشیائی ملکوں کے درمیان مزید مثبت سیاسی اور سلامتی تعلقات کی ضرورت ہوگی ۔ ایک سوال کے جواب میں سرتاج عزیز نے پرزور لفظوں میں کہا کہ ممبئی حملہ کے مبینہ سازشی ذکی الرحمن لکھوی کی ودبارہ گرفتاری کے لئے ہندستان کی جانب سے پاکستان پر کوئی دباؤ نہیں تھا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کو سرحد پر موثر کنٹرول اور دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانوں کے خلاف دو ہفتوں کے اندر اقدامات پر غوروخوض کرنا ہوگا ۔ صدر افغانستان اشرف غنی نے وعدہ کیا ہے کہ وہ اپنی سر زمین کو دہشت گردی کے لئے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے ۔ عزیز نے کہا کہ دونوں ملکوں نے سرحد سے متصل متعلقہ علاقہ میں دہشت گردوں کے خلاف مربوط فوجی کارروائیوں سے اتفاق کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پاک۔ افغان حکام تمام اقدامات بشمول سرحد کے موثر انتظام و انصرام کے اقدامات پر تبادلہ خیال کے لئے اجلاس کریں گے ۔ انہوں نے وضاحت کی کہ کسی بھی ملک کی افواج دیگر ملک کی سرحد کے اندر کوئی اقدام نہیں کرے گی ۔ اگرچیکہ وہ اپنے متعلقہ علاقوں کے اندر باہمی تال میل سے کارروائیاں کرنے سے اتفاق ہی کیوں نہ رکھتے ہوں ۔

دریں اثنا لاہور سے پی ٹی آئی کی ایک علیحدہ اطلاع کے بموجب ایک23سالہ خود کش بمبار کی نعش کے باقیات کو یہاں ایک قبرستان میں دفن کردیاگیا ہے ۔ اس بمبار نے گزشتہ ماہ ہندوستان سے متصل واگھا سرحد پر63افراد کو ہلاک کرتے ہوئے خود کو دھماکہ سے اڑا لیا تھا ۔ دہشت گرد کی شناخت کے بعد ایدھی فاؤنڈیشن نے کل مینائی صاحب قبرستان میں نعش کے اعضاء کی تدفین کی ہے ۔ لاہور پولیس کے ترجمان نایاب حیدر نے یہ بات کہی ۔ خود کش بمبار کی شناخت حفیظ حنیف اللہ ساکن موضع محمد باجوڑا ایجنسی کی حیثیت سے کی گئی ہے ۔ یہ علاقہ صوبہ خیبر پختونخواہ کی قبالی پٹی میں واقع ہے ۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے حنیف اللہ کے ارکان خاندان کو حراست میں لے لیا ہے اور تحقیقات کررہی ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ وہ دو سال قبل گھر چھوڑ کر چلا گیا تھا اور اس کے بعد واپس نہیں آیا ۔ حنیف اللہ مبینہ طور پر ممنوعہ جماعت الاحرار میں شامل ہوکر افغانستان میں تربیت حاصل کی تھی ۔

No breakthrough expected on bilateral dialogue with India, Aziz

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں