غیر ہندوؤں کی گھر واپسی سے بی جے پی کا کوئی تعلق نہیں - شاہنواز حسین - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-20

غیر ہندوؤں کی گھر واپسی سے بی جے پی کا کوئی تعلق نہیں - شاہنواز حسین

پٹنہ
پی ٹی آئی
بی جے پی نے تبدیلی مذہب کے تنازعہ سے خود کو دور کرتے ہوئے آج کہا کہ پارٹی غیر ہندوؤں کی’’گھر واپسی‘‘ کی سرگرمیوں میں ملوث نہیں ہے اور نہ ہی ایسی سر گرمیوں میں اس کا کوئی تعاون ہے۔ پارٹی کے قومی ترجمان شاہنواز حسین نے آج کہا کہ’’گھر واپسی‘‘ سے متعلق سر گرمیوں سے بی جے پی کا کوئی لینا دینا نہیں ہے اور نہ ہی اس نے اس کی تائید کی ہے اور نہ اس قسم کی سر گرمیوں میں ملوث عناصر کو اس نے کوئی تعاون دیا ہے ۔ انہوں نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا یہ ماننا ہے کہ کسی بھی شخص کو کسی بھی مذہب پر چلنے کی آزادی ہے لیکن ساتھ ہی ہم زبردستی یا لالچ کے ذریعہ مذہب تبدیل کرنے کی بھی مخالفت کرتے ہیں ۔ ’’گھر واپسی‘‘ کے نام پر مسلمانوں اور عیسائیوں کو ہندو بنانے کی کوششوں کو بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ یوگی آدتیہ ناتھ کی تائید سے متعلق متنازعہ بیانات کے بارے میں پوچھنے پر حسین نے کہا کہ پارٹی نے ا پنے قائدین کو ایسی سر گرمیوں میں ملوث ہونے کی اجازت نہیں دی ہے اور نہ ہی کسی پروگرام میں پارٹی نے حصہ لیا ہے ۔ وزیر اعظم نے بھی اس مسئلہ پر حکومت کا موقف واضح کردیا ہے ۔ انہوں نے اپوزیشن سے اپیل کی کہ وہ اس تنازعہ کو ختم کردیں اور پارلیمنٹ چلانے دیں۔ تبدیلی مذہب کے تنازعہ پر وزیر اعظم سے پارلیمنٹ میں بیان دینے اپوزیشن کے مطالبہ پر شاہنواز حسین نے کہا کہ وزیر اعظم ہر مسئلہ پر جواب دینے کے پابند نہیں ہیں چنانچہ اپوزیشن کو چاہئے کہ وہ متعلقہ وزارتوں کو اسپر بیان دینے کی اجازت دے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں