ہندوستان کی مشرق پالیسی کا بنگلہ دیش سے آغاز - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-20

ہندوستان کی مشرق پالیسی کا بنگلہ دیش سے آغاز

نئی دہلی
پی ٹی آئی
ہندوستان نے آج بنگلہ دیش سے کہا کہ وہ باہمی مفادات کے پراجکٹس پر مل جل کر کام کرنے کا خواہش مند ہے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی بنگلہ دیش کے دورہ کنندہ صدر عبدالحمید سے جمعہ کو ہوئی ملاقات کے موقع پر حکومت نے اپنے اس ارادہ کا اظہار کیا ۔ وزارت خارجہ کے ترجمان سید اکبر الدین نے ٹوئٹس پر بتایا کہ مودی اور حمید دونوں نے1971ء کی بنگلہ دیش کی جدو جہد آزادی میں مشترکہ کوششوں کو بڑی گرمجوشی سے یاد کیا۔ مودی نے حمید سے کہا کہ ہندستان کی مشرق پالیسی کا آغاز بنگلہ دیش سے ہوتا ہے۔ ہندوستان باہمی مفاد کے پراجکٹس پر مل کر کام کرنے کے لئے تیار ہے ۔ ذرائع کے مطابق عبدالحمید نے بھی مودی کو بنگلہ دیش کا دورہ کرنے کی دعوت کا اعادہ کیا جس پر مودی نے کہا کہ وہ اگلے سال کسی وقت ڈھاکہ کا دورہ کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ قبل ازیں دن میں وزیر خارجہ سشما سوراج نے عبدالحمید سے ملاقات کی اور کہا کہ ہندوستان ان کے ملک کے ساتھ باہمی تعلقات کو مستحکم کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے ۔ صدر بنگلہ دیش چھ روزہ سرکاری دورہ پر جمعرات کو نئی دہلی پہونچے1972ء میں بنگلہ دیش کے قیام کے بعد سے وہ ہندوستان کا دورہ کرنے والے پہلے صدر ہیں ۔ وہ صدر جمہوریہ پرنب مکرجی کی دعوت پر آئے ہوئے ہیں اور راشٹر پتی بھون میں مہمان رہیں گے ۔ مکرجی نے مارچ2013ء میں بنگلہ دیش کا سرکاری دورہ کیا تھا ۔ وزارت خارجہ نے کہا کہ صدر بنگلہ دیش کے اس دورے سے دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے اور اس میں توسیع ہوگی ۔ حمید اپنے قیام کے دوران اجمیر ، آگرہ اور جے پور کا بھی دورہ کریں گے اور 23دسمبر کو ڈھاکہ واپسی سے قبل کولکتہ کا دورہ کریں گے ۔

India's 'Look East' Policy Begins with Bangladesh

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں