لاہور میں اپوزیشن کامخالف حکومت احتجاجی مظاہرہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-16

لاہور میں اپوزیشن کامخالف حکومت احتجاجی مظاہرہ

لاہور
پی ٹی آئی
پاکستانی اپوزیشن قائد عمران خان کے حامیوں نے نواز شریف حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کے درمیان کئی اہم سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کردیں ۔ اسی دوران فریقین کا ایک غیر رسمی اجلاس جاری رہا اور ان کے درمیان مذاکرات عمل سے قبل اجلاس کے مسودہ کا تبادلہ بھی ہوا۔ تحریک انصاف پارٹی کے کارکنوں نے شہر کی اہم سڑکوں پر ٹائر جلائے جس کے سبب ٹرانسپورٹ خدمات معطل ہوگئے ۔ پاکستان مسلم لیگ نواز کے کارکنوں نے بھی پی ٹی آئی کے اخلاف احتجاجی مظاہرے کئے ۔ انہوں نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ خان کے حامی طاقت کے استعمال سے شہر میں تجارتی اداروں کے علاوہ دکانیں بھی بند کروارہے ہیں۔ تشدد کے واقعات رونما ہونے کا موقع نہ دینے کے لئے بھاری تعداد میں پولیس تعینات کردی گئی ہیں ۔ قبل ازیں پی ایم ایل نواز اور اپوزیشن پی ٹی آئی کے مذاکرات کاروں کے درمیان گزشتہ شب ایک غیر رسمی اجلاس کا اہتمام ہوا تھا۔ فریقین نے اس امید کے ساتھ دستاویزات کا تبادلہ کیا کہ آئندہ مرحلہ کی بات چیت نتیجہ خیز ثابت ہوگی ۔
پی ٹی آئی کے جنرل سکریٹری جہانگیر ترین نے اپنی رہائش گاہ پر وفاقی وزراء اسحق ڈار اور احسن اقبال کی میز بانی کی ۔ اجلاس کے بعد ڈار نے بتایا کہ انہوں نے ایک دستاویز پی ٹی آئی قیادت کے حوالہ کردی ہے اور ان کے ساتھ تفصیلی بات چیت کے لئے کل کی تاریخ مقرر کی گئی ہے ۔ ڈان نے یہ اطلاع دیتے ہوئے اسحق ڈار کے حوالہ سے بتایا کہ اصولی طور پر اجلاس میں ہوئی بات چیت کو منظر عام پر لایانہیں جائے گا ۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے اسحق ڈار نے بتایا کہ جمود کی کیفیت ختم ہوئی ہے اور اب فریقین مسائل کو باہمی بات چیت کے ذریعہ حل کرنے تیار ہیں۔ پی ٹی آئی قائد اسد عمر نے بتایا کہ موجودہ مفاہمتی یادداشت دراصل 13نکاتی مسودہ کا نچوڑ ہے جس پر پہلے بھی فریقین کی بات چیت ہوچکی ہے ۔ موجودہ مفاہمتی یادداشت 13نکاتی ہونے کے بجائے6نکاتی ہے۔ ڈار نے بتایا کہ بات چیت اب وہیں سے شروع ہوگی جہاں ختم ہوئی تھی لہذا جن مسائل پر گفتگو ہوچکی ہے انہیں زیر بحث نہیں لایاجائے گا۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں