جمعیۃ کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں - مہارشٹرا وزیر اعلیٰ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-17

جمعیۃ کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں - مہارشٹرا وزیر اعلیٰ

ناگپور
انصاری اعجاز احمد /ایس این بی
’’جمعیۃ علماء کا کوئی تعلق نہ دہشت گردوں سے ہے نہ دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تنظیموں سے ہے ۔‘‘ اس بات کا اظہار ریاست کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے علمائے کرام اور مسلم اراکین اسمبلی کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ جمعیۃ علماء مہاراشٹر( ارشد مدنی) دہشت گردوں کو مدد کرنے والی تنظیم نہیں ہے ۔جمعیۃ علماء مہاراشٹرا (ارشد مدنی )پر عائد الزامات پر وزیر اعلیٰ نے افسوس ظاہر کیا اور وفد کے میں شریک جمعیۃ علماء کے عہدیداران اور مسلم ایم ایل ایز نے مافیا گروپوں کی جانب سے جمعیۃ علماء سے منسلک اہم شخصیات کو مل رہی جان لیوا دھمکیوں کے بارے میں بھی آگاہی دی ۔
سماج وادی پارٹی کے رکن اسمبلی ابو عاصم اعظمی و کانگریس رکن اسمبلی امین پٹیل کی مشترکہ قیادت میں وزیر اعلیٰ سے ملاقات کیے اس وفد میں جمعیۃ علماء کے عہدے داران کے علاوہ مالیگاؤں سنٹرل سے رکن اسمبلی آصف شیخ رشید ، ممبئی مضافات کے ممبرا اسمبلی اسلم شیخ، رکن قانون ساز کونسل مظفر حسین، کے علاوہ مجلس اتحاد المسلمین کے دو اراکین اسمبلی امتیاز جلیل اور ایڈوکیٹ وارث پٹھان بھی شامل تھے ۔ جمعیۃ کے ریاستی نائب صدر حافظ مسعود نے وزیر اعلیٰ کو مسلم اراکین اسمبلی کی موجودگی میں جمعیۃ کی تاریخ سے واقف کرایااور کہا کہ ملک کی آزادی میں جمعیۃ نے کلیدی کردار ادا کیا تھا اور سیکڑوں علماء کرام نے آزادی وطن کے لئے جام شہادت کو نوش کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی یہ تنظیم بے گناہ مسلم نوجوانوں کو مفت قانونی امداد فراہم کرتی ہے اور قدرتی آفات کے شکار متاثرین کی بھی وہ امداد بلا تفریق مذہب و ملت کرتی ہے ۔ دفد میں شامل ایڈوکیٹ شاہد ندیم انصاری جمعیۃ علماء ناگپور کے عہدے داران تجمل حسین، نیاز احمد ، جاوید اختر ، اظہار علی ، یونس انصاری ، عتیق قریشی ، پرویز صدیقی نے وزیر اعلی کو مزید بتایا کہ جمعیۃ ناصرف ملک کے مسلمانوں کی نمائندہ مسلم تنظیم ہے بلکہ جمعیۃ پر لگائے گئے ان الزامات سے ملک کے مسلمانوں میں بے چینی پھیلی ہوئی ہے ۔ لہذا ریاستی حکومت ریاست کے ناگپور شہر میں جاری سرمایہ اجلاس کے دوران معافی مانگے اور اس بات کی وضاحت کرے کہ چند دنوں قبل بی جے پی ممبئی صدر اشیش شیلار نے جمعیۃ کے تعلق سے جو بے بنیاد اور من گھڑت الزامات عائد کئے ہیں اس سے حقیقت کا کوئی تعلق نہیں ہے ۔
مسلم اراکین اسمبلی اور جمعیۃ کے عہدے داران نے وزیر اعلیٰ کو یہ بھی بتایا کہ بی جے پی رکن اسمبلی کی جانب سے جمعیۃ پر الزام عائد کیے جانے کے بعد جمعیۃ کے ذمہ دار گلزار اعظمی کو مافیا ڈان روی پجاری نے خطرناک نتائج کی دھمکی دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی رکن اسمبلی نے جمعیۃ پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔
وفد کے ممبران برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر جمعیۃ کے کاموں کی تفتیش کئے جانے کا حکومت ارادہ رکھتی ہے تو ہم ہر طرح کی تفتیش کے لئے تیار ہیں، لیکن تفتیش کے لئے دہرہ معیار نہیں اختیار کیاجائے اور ان تنظیموں کی بھی تفتیش کی جائے جن کے دہشت گردی میں ملوث ہونے کے ثبوت دستیاب ہوئے ہیں ۔ جس میں مالیگاؤں بم دھماکوں میں ملوث انتہا پسند تنظیمیں و ملک کے دیگر علاقوں میں ہوئے بم دھماکوں کے پس پشت فاسسٹ طاقتوں کو بھی شامل کیاجائے۔ مسلم اراکین اسمبلی ابو عاصم اعظمی ، امین پٹیل اور اسلم شیخ نے وزیر اعلیٰ کی توجہ اشیش شیلار کی جمعیۃ کے تعلق سے دئیے گئے بے بنیاد الزامات کی جانب بھی دلوائی جسے ریاستی اسمبلی کی کارروائی میں شامل کیا گیا ہے ، اراکین اسمبلی نے وزیر اعلیٰ سے درخواست کی کہ اسے ایوان کی کارروائی سے حذف کردیاجائے ۔ وفد کی باتوں کو غور سے سننے کے بعد وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے کہا کہا شیش شیلار نے جمعیۃ کو دہشت گرد تنظیم نہیں کہا تھا اور خود شیلار نے بھی اس کی ایوان میں وضاحت کی تھی لیکن جہاں تک جمعیۃ کے عہدے داران کو ملنے والی دھمکیوں کا تعلق ہے ریاستی حکومت اس کے خلاف فوری سخت کارروائی کرے گی ۔ بعد میں ریاستی اسمبلی میں شامل تمام مسلم اراکین اسمبلی کی دستخط پر مشتمل سے وزیر اعلیٰ کو ایک میمورنڈم بھی دیا گیا جس میں جمعیۃ کے کردار اوصاف پر روشنی ڈالتے ہوئے بی جے پی کی جانب سے کئے گئے مطالبات کی سخت مذمت کی گئی ہے ۔ اور مافیا ڈان کی جانب سے ملنے والی دھمکیوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔

jamiatul ulema no terrorist connection CM Maha

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں