عام آدمی پارٹی اور بی جے پی میں اصل مقابلہ - کجریوال - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-09

عام آدمی پارٹی اور بی جے پی میں اصل مقابلہ - کجریوال

نیویارک
پی ٹی آئی
اروند کجریوال نے یہ اعلان کرتے ہوئے کہ آنے والے دہلی اسمبلی انتخابات میں مقابلہ راست عام آدمی پارٹی اور بی جے پی کے درمیان ہوگا ، کہا ہے کہ عام آدمی پارٹی انتہائی طاقتور قوتوں کے خلاف صاف ستھرے پیسے کی مدد سے مقابلہ کرے گی ۔ کجریوال نے یہاں جمع ہونے والے عام آدمی پارٹی کے ہزاروں حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سابقہ انتخابات میں عام آدمی پارٹی کے مخالفین نے اسے زیادہ اہمیت نہیں دی تھی اور وہ یہ سمجھتے تھے کہ چوں کہ پارٹی نئی ہے وہ تین یا چار نشستوں سے زیادہ سیٹیں نہیں حاصل کرپائے گی ، لیکن پارٹی28سیٹوں کے ساتھ فاتح بن کر ابھری ۔ اس مرتبہ ہم بے حد طاقتور قوتوں کے خلاف لڑ رہے ہیں اور اس مرتبہ مقابلہ راست بی جے پی اور عام آدمی پارٹی کے درمیان ہے ۔ بی جے پی کے پاس کافی پیسہ ہے اور اس کے پا س ہر قسم کا پیسہ ہے ۔ کجریوال نے کہا کہ عام آدمی پارٹی کالے دھن کے ساتھ انتخاب لڑنا نہیں چاہتی ۔ عام آدمی پارٹی وہ واحد پارٹی ہے جو صاف ستھری سیاست اور کرپشن سے پاک ہندوستان کے لئے لڑ رہی ہے ۔ میں پارٹی کو عطیہ دینے کے لئے آپ سب کی حوصلہ افزائی کرتا ہوں ، کیونکہ ہم صاف ستھری رقم چاہتے ہیں ۔ کجریوال نے عام آدمی پارٹی کارکنوں اور حامیوں کے جلسہ سے سے خطاب کرنے کے بعد پی ٹی آئی کو یہ بات بتائی۔کجریوال سے ملاقات کے لئے واشنگٹن ، بوسٹن شکاگو اور دیگر امریکی شہروں سے ہزاروں افراد یہاں جمع ہوئے تھے ۔46 سالہ کجریوال نے کہا کہ پارٹی میں کافی جوش پایاجاتا ہے ، کیونکہ وہ دہلی پر ایک بار پھر حکومت کرنے عوام سے خط اعتماد حاصل کرنے جارہی ہے ۔
واضح رہے کہ کجریوال نے49دنوں کے مختصر سے عرصے تک حکومت کرنے کے بعد چیف منسٹر دہلی کے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ یہاں مقیم تمام ہندوستانیوں کے دل ہندوستان کے لئے دھڑکتے ہیں ۔ وہ ہندوستان کے لئے کچھ بھی کرنے کے لئے تیار ہیں اور ملک کوکرپشن سے پاک دیکھنا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کروڑ ہا روپے ، کالا دھن کا انتظام کرنا اور انتخابات کے لئے اسے استعمال کرنا دشوار نہیں ہوگا لیکن ان کی پارٹی نے کالا دھن استعمال نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ہم امریکہ میں مقیم ہندوستانیوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ پارٹی کے فراخدلانہ عطیات دیں ۔ ہم کم رقم کے ساتھ انتخاب لڑیں گے لیکن پارٹی صرف وہی رقم استعمال کرے گی جو دیانتداری سے حاصل کی گئی ہو ۔ انہوں نے کہاکہ برائے مہربانی زیادہ سے زیادہ افراد کو عطیہ دینے کے لئے حوصلہ افزائی کریں ۔

fight between AAP and BJP in Delhi elections: Arvind Kejriwal

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں