گوانتاناموبے جیل سے 4 قیدی افغانستان منتقل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-22

گوانتاناموبے جیل سے 4 قیدی افغانستان منتقل

نیویارک
یو این آئی
امریکی حکام نے کہا ہے کہ گوانتاناموبے سے4افغان قیدیوں کو رہا کرنا افغان صدر اشرف غنی پر اعتماد کو ظاہر کرتا ہے۔ امریکی انتظامیہ کے مطابق صرف تین ماہ کے اندر اندر ان قیدیوں کو افغان حکومت کے حوالے کردینا واضح کرتا ہے کہ واشنگٹن حکومت صدر غنی پر اعتماد کرتی ہے ۔ گوانتا ناموبے سے چار افغان قیدیوں علی گل، محمد ظاہر ، شاہ ولی خان اور عبدالغنی کو کابل حکومت کے حوالے کردیا گیا ہے ۔ ان کی رہائی کے لئے اشرف غنی نے امریکی حکومت سے خصوصی درخواست کی تھی ۔ واضح رہے کہ کیوبا میں واقع اس امریکی حراستی کیمپ میں132مشتبہ افراد قید ہیں ۔ اوباما انتظامیہ کا کہنا ہے کہ صرف تین ماہ کے اندر اندر ان قیدیوں کو افغان حکومت کے حوالے کردینا در اصل دونوں ممالک کے مابین نئے خوشگوار تعلقات کا پیش خیمہ ہے بلکہ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ واشنگٹن حکومت صدر غنی پر اعتماد کرتی ہے۔ افغانستان کی اعلیٰ امن کونسل نے ان قیدیوں کی رہائی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ افراد جلد ہی اپنے گھروالوں کے ساتھ ہوں گے ۔ حکومت کی طرف سے قیام امن کے لئے طالبان کے ساتھ مذاکراتی عمل پر مامور اس کونسل نے مزید کہا ہے کہ ان قیدیوں کو مزید حراست میں رکھنے کی کوئی وجہ نہیں ہے ۔
اس کونسل نے امریکی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ گوانتاناموبے میں قید دیگر8افغان باشندوں کو بھی رہا کردے ۔ افغان دارالحکومت کابل میں واقع امریکی سفارتخانے کی طرف سے جاری کئے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ واشنگٹن حکومت کو افغان حکومت پر بھرپور اعتماد ہے کہ وہ رہا کئے گئے ان افراد سے ممکنہ خطرات سے نمٹ سکتی ہے اور وہ ان کے ساتھ انسانی سلوک روا رکھے گی۔ مزید کہا گیا ہے کہ قیدیوں کی یہ منتقلی امریکہ اور افغانستان کے بہتر باہمی تعلقات کی نشانی ہے اور امریکہ افغانستان کو ایک مستحکم اور خود مختار ریاست کے طور پر دیکھنا چاہتا ہے ۔ متعدد امریکی فوجی حکام نے اپنا نام مخفی رکھنے کی شرط پر تصدیق کی ہے کہ آئندہ کچھ ہفتوں میں گوانتاناموبے میں قید مزید افراد کو مختلف مقامات پر منتقل کیاجائیگا۔ یہ امر اہم ہے کہ امریکی صدر بارک اوباما کی کوشش ہے کہ وہ اس بدنام زمانہ جیل خانے کو جلد از جلد بند کردیں، اس لئے وہ وہاں قید مشتبہ افراد کی تعداد کو کم کرنے پر زور دے رہے ہیں ۔

US releases four Guantánamo Bay prisoners to Afghanistan

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں