برطانیہ میں آن لائن انتہا پسندی کے خلاف ائمہ کا اتحاد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-15

برطانیہ میں آن لائن انتہا پسندی کے خلاف ائمہ کا اتحاد

لندن
پی ٹی آئی
برطانیہ میں10ممتاز امام، آن لائن مذہبی انتہا پسند پروپیگنڈہ سے مقابلہ کے لئے متحد ہوگئے ہیں ۔ اس پروپیگنڈہ کے ذریعہ جہادی گروپس داعش میں برطانوی مسلمانوں کی بھرتیاں ہورہی ہیں ۔ آئمہ نے انٹر نیٹ کمپنیوں کی مذمت کی جو ویب سائٹ کو دہشت گردوں کو محفوظ ٹھکانہ فراہم کررہے ہیں۔ ان روحانی رہنماؤں کا تعلق لندن ’’لیسٹر لیڈس لنکا شائز ، ویسٹ میڈ لینڈس اور بکنگھم شائر جیسے بڑے شہروں سے ہے ۔ انہوں نے یہ انتباہ بھی دیا کہ مذہبی انتہا پسندی پر مبنی مواد جو سوشیل میڈیا سائنس پر تیار دستیاب ہیں انہیں نہ روکنے سے برادری میں افرا تفری کا ماحول پیدا ہوگا ۔ داعش غیر ملکی جنگجوؤں کی بھرتی کے لئے سوشیل میڈیا کو برائے کار لارہی ہے ۔ دی سنڈے ٹائمز کے مطابق گروپ ایک نئی مہم چلا رہا ہے جس کا مقصد عام مسلمانوں کو انتہا پسند ویب سائٹس سے رجوع ہونے کی ترغیب دیناہے، جو دہشت گردی اور سر قلمی پر مبنی مواد اور فلم پوسٹ کرتی ہیں۔ بعض اوقات ان ویب سائٹس پر نفرت انگیز خطابات کی بھی اشاعت ہوتی ہے ۔ اس سلسلہ میں امامس آن لائن سے موسوم ایک نیا ویب سائٹس بھی قائم کیا گیا ہے جس کی حمایت سنی اور شیعہ برادری کے تمام آئمہ کررہے ہیں ۔
ان کا مقصد مسلم نوجوانوں کو گھر چھوڑ کر شام اور عراق روانہ ہونے سے روکنا ہے ۔ ویب سائٹ کے ایڈیٹر شوکت ویر ائچ نے بتایا کہ تشدد اور قتل کی تصویروں کے علاوہ نفرت انگیز بیانات کی اشاعت سے ہم سب کی دل شکنی ہوتی ہے ۔ یہ مواد یکساں طور پر سب کے لئے نقصاندہ ہے۔ تمام برادریوں کے نمائندے انٹر نٹ اور سوشیل کمپنیوں کے علاوہ عوام سے بھی یہ درخواست کرتے ہیں کہ ہمیں انتہا پسندی پر مبنی مواد سے محفوظ رکھاجائے ۔ ہم سب کو مل جل کر یہ کوشش کرنی چاہئے کہ دہشت گردوں کو آزدانہ طور پر انٹر نٹ کے استعمال سے محروم کیاجاسکے ۔ ہمیں ایسے مواد سے بھی محفوظ رکھا جائے جو برداریوں کے درمیان تقسیم اور منافرت پھیلانے کے لئے مقصود ہیں ۔ مہم کی حمایت برطانوی مسلم فورم کے مولانا شاہد رضا کررہے ہیں جو لیسٹر کی جامع مسجد کے امام بھی ہیں ۔ ان کے علاوہ برمنگھم میں حضرت سلطان بابو ٹرسٹ کے ڈائرکٹر و پرنسپل حافظ غلام رسول بھی اس مہم کی حمایت کررہے ہیں ۔ دستخط کنندوں میں لیڈس میں مکہ مسجد کے قاری محمد عاصم ، برسٹل اسلامک مشن کے حافظ ظہیر شبیر اور لنکا شائر کونسل آف مساجد عبدالحمید قریشی بھی شامل ہیں۔ اس مہم میں ہوپ ناٹ ہیٹ HOPE NOT HATEتنظیم بھی شامل ہوگئی ہے ۔

Combating extremism online, British imams have launched a website

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں