نتھو رام گوڈسے کی ستائش پر راجیہ سبھا میں ہنگامہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-12

نتھو رام گوڈسے کی ستائش پر راجیہ سبھا میں ہنگامہ

نئی دہلی
پی ٹی آئی
راجیہ سبھا میں آج ہنگامہ آرائی کے مناظر دیکھے گئے اور جاریہ ماہ کے اوائل میں مہاراشٹرا میں منعقدہ ایک تقریب میں نتھو رام گوڈسے کی ستائش کرنے پر کانگریس ارکان نے شدید احتجاج درج کرایا ۔ اپوزیشن ارکان کی تنقیدوں کا نشانہ بنتے ہوئے حکومت نے کہا کہ وہ ایسی کسی تقریب کو پسند نہیں کرتی جس میں مہاتما گاندھی کے قاتل کی ستائش کی گئی ہو، تاہم کہا کہ کسی بھی تنظیم کو بدنام نہیں کیاجانا چاہئے ۔ ایوان بالا میں اس مسئلہ پر کارروائی کو دو مرتبہ ملتوی کرنا پڑا کیونکہ وہاں کانگریس ارکان نے پلے کارڈس کے ساتھ احتجاج کیا اور نعرہ بازی کی۔ انہوں نے دائیں بازو کی تنظیموں پر الزام عائد کیا کہ وہ اس کی تائید کررہی ہیں ۔ کانگریس رکن حسین دلوائی نے وقفہ صفر کے دوران یہ مسئلہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ انہوں نے تقریب کی میزبانی کے سلسلہ میں چیف منسٹر مہاراشٹرا کو ایک مکتوب روانہ کیا ہے جس میں بعض مذہبی قائدین اور سابق ارکان اسمبلی نے بھی شرکت کی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ مہاراشٹرا میں مہاتما گاندھی کے قاتل کا شوریہ دیوس مناتے ہوئے اس کی ستائش کی جارہی ہے ۔ کانگریس ارکان نے اس مسئلہ پر ہنگامہ کیا اور نعرہ بازی کی جب کہ نائب صدر نشین پی جے کورین نے احتجاجی ارکان کو تسلی دینے کی کوشش کی اور ان سے کہا کہ وہ اپنی نشستوں پر بیٹھ جائیں اور امن و نظم برقرار رکھیں۔
کورین نے کہا کہ اس قسم کے احتجاج کے لئے وقفہ صفر کا استعمال نہ کریں ۔ یہ بہت بڑی ڈسپلن شکنی ہے ۔ کسی کو ملزم قرار دینے عدالتیں موجود ہیں ۔ یہ میرا یا آپ کا کام نہیں ۔ مرکزی مملکتی وزیر پارلیمانی امور مختار عباس نقوی نے کہا کہ یہ قابل قبول نہیں۔ مہاتما گاندھی کا قاتل چاہے کوئی بھی ہو ہم اس کے مخالف ہیں ۔ ہم مہاتما گاندھی کے قاتل کو اعزاز دینے کی اجازت نہیں دیں گے ۔ ایوان میں ارکان کا احتجاج جاری رہنے اور حکومت و اپوزیشن کے درمیان تلخ تبادلوں کے بیچ کورین نے دوپہر سے قبل ایوان کی کارورائی دس منٹ کے لئے ملتوی کردی ۔ کارروائی کے دوبارہ آغاز پر ایوان میں مماثل مناظر دیکھے گئے جس کے نتیجہ میں کرسی صدارت کو 15منٹ کے لئے کارروائی ملتوی کردینی پڑی ۔ تیسری مرتبہ ایوان کی کارروائی شروع ہونے پر کانگریس رکن آنند شرما نے کہا کہ یہ بات قطعی قابل قبول نہیں کہ کوئی اس کی ستائش کرے ۔ مجھے امید ہے کہ یہ ایوان اور وزیر پارلیمانی امور ایسی کسی حرکت کو پسند نہیں کریں گے ۔ ایوان کو متفقہ طور پر اس کی مذمت کرنی چاہئے ۔

Protest in Rajya Sabha over Godse, BJP MP regrets remarks

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں