اتر پردیش میں تبدیلی مذہب پروگراموں پر امتناع - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-16

اتر پردیش میں تبدیلی مذہب پروگراموں پر امتناع

لکھنو
یو این آئی
حکومت اتر پردیش نے دھرم جاگرن منچ کی جانب سے25دسمبر کو متنازعہ’’ گھر واپسی‘‘ تبدیلی مذہب پروگرام پر امتناع عائد کردیا ہے اور ضابطہ فوجداری کی دفعہ144کے تحت علی گڑھ میں امتناعی احکام فوری اثر کے ساتھ نافذ کردیے ہیں ۔ عہدیداروں نے آج یہاں بتایا کہ مجوزہ تبدیلی یا دو بارہ تبدیلی مذہب پروگراموں کی ریاست بھر میں کسی بھی مقام پر کسی قیمت پر اجازت نہیں دی جائے گی ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ دھرم جاگرن منچ کا نام نہاد گھر واپسی پروگرام ریاست میں نظم و ضبط کا مسئلہ بن سکتا ہے ۔ اور اس کے انعقاد کی اجازت نہیں دی جاسکتی ۔ علی گڑھ میں دفعہ144کے تحت امتناعی احکام نافذ کردئے گئے ہیں جب کہ ضلع حکام نے فرقہ وارانہ ہم آہنگی میں خلل ڈالنے کی کوشش کرنے والوں کو انتباہ دیا ہے ۔ انہوں نے شہریوں سے کہا کہ وہ مشتعل نہ ہوں۔ علی گڑھ میں قائم تنظیم کے قائدین نے اعلان کیا ہے کہ وہ25دسمبر کو یہاں ایک مقامی کالج میں بڑے پیمانے پر تبدیلی مذہب پروگرام منعقد کریں گے۔ آگرہ میں تبدیلی مذہب پروگرام پر مبینہ تنازعہ کے دوران چیف منسٹر اکھلیش یادو نے گزشتہ ہفتہ کہا تھا کہ ان کی حکومت نے اس حرکت کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کے احکام جاری کیے ہیں۔ دھرم جاگرن منچ نے کہا ہے کہ وہ علی گڑھ میں 25دسمبر کو اپنے تبدیلی مذہب پروگرام کو روبہ عمل لائے گا۔ اس نے دعویٰ کیا کہ یہ تبدیلی مذہب پروگرام نہیں ہے بلکہ ان افراد کا خیر مقدم کرنے کا پروگرام ہے جو ماضی میں ہندو مت سے دور ہوچکے ہیں اور تبدیلی مذہب کے بعد عدم اطمینان کا شکار ہوکر واپس ہونا چاہتے ہیں ۔ دوسری طرف اقلیتی برادری کے قائدین اور تنظیموں نے اندیشہ ظاہر کیا ہے کہ تبدیلی مذہب پروگرام، کرسمس کے دن منعقد کرنے سے فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا ہوسکتی ہے ۔

Prohibition on conversion programs in Uttar Pradesh

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں