آئی اے این ایس
بھارتیہ جنتا پارٹی کے ریاستی یونٹ نے آج وزیر شہری ترقی محمد اعظم خان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا اور چیف منسٹر اکھلیش یادو کو انتباہ دیا کہ اگر وہ اپنے وزیر کو لگام دینے میں ناکام رہتے ہیں تو انہیں سنگین نتائج و عواقب کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ اعظم خان کے اس بیان پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی ’’قاتل‘‘ ہیں، ریاستی ترجمان وجئے بہادر پاٹھک نے کہا کہ خان کے بیانات سے زیادہ اس معاملہ پر اکھلیش یادو کی خاموشی پریشا ن کن ہے ۔ پاٹھک نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات کے دوران اعظم خان نے مودی کو حسب مرضی برا بھلا کہا ، لیکن اب وہ ملک کے جمہوری طور پر منتخب وزیرا عظم ہیں ۔ کابینی وزیر کے اس رویہ کو برداشت نہیں کیاجاسکتا ۔ انہوں نے کہا کہ اگر وزیر کے خلاف مناسب کارروائی نہیں کی گئی تو ریاستی بی جے پی ان کے خلاف احتجاج شروع کرے گی ۔ بی جے پی نے گورنر اتر پردیش رام نائیک کو’’پجاری‘‘ کہنے پر بھی سخت اعتراض کیا ہے ۔ اعظم خان نے دو دن قبل اپنے بیان میں کہا تھا کہ اتر پردیش کے گورنر رام نائیک ، گورنر سے زیادہ ایودھیا کے پجاری کی طرح پیش آرہے ہیں۔
بی جے پی لیڈر نے کہا کہ ایسا تبصرہ کرنے سے پہلے اعظم خان کو یہ بات ذہن میں رکھنی چاہئے کہ وہ نہ صرف ایک ایسے شخص کو نشانہ بنارہے ہیں جو دستوری عہدہ پر فائز ہے بلکہ وہ ریاستی گورنر کی حیثیت سے ان کے تقرر کی اتھاریٹی بھی رکھتا ہے۔ بی جے پی نے الزام عائد کیا کہ نریندر مودی کے’’سب کا ساتھ ، سب کا وکاس‘‘ نعرے نے کئی قائدین کو نروس کردیا ہے جو اب تک فرقہ ورانہ سیاست میں پیش پیش تھے ۔ انہوں نے کہا کہ اعظم خان بھی ایسے ہی ایک قائد ہیں جو مودی کے شمولیاتی ترقیاتی منصوبوں سے خطرہ محسوس کرتے ہیں اور اسی لئے اپنے ووٹ بینک کی اندھی سیاست کے لئے وزیر اعظم اور گورنر کو تنقیدوں کا نشانہ بنارہے ہیں ۔ انہوں نے کہ اصولاً چیف منسٹر اور سماج وادی پارٹی سربراہ ملائم سنگھ یادو کو ان کے خلاف سخت کارروائی کرنی چاہئے ۔
BJP asks Akhilesh to rein in minister Azam Khan
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں