جنتا پریوار پارٹیوں کا انضمام مستقل اتحاد ثابت ہوگا - لالو پرساد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-08

جنتا پریوار پارٹیوں کا انضمام مستقل اتحاد ثابت ہوگا - لالو پرساد

لکھنو
پی ٹی آئی
آر جے ڈی سر براہ لالو پرساد یادو نے کاکہ جنتا پریوار کا اتحاد ایک مستقل اتحاد ثابت ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کو کئی دنوں سے ایسے متحدہ محاذ سے مقابلہ کرنا نہیں پڑا تھا ۔ لالو پرساد یادو اپنی دختر راج لکشمی کی ملائم سنگھ یادو کے پوتے و رکن لوک سبھا تیج پرتاپ یادو کے ساتھ منگنی کی تقریب کے لئے آئے ہوئے ہیں۔ لالو پرساد یادو نے سیاسی پارٹیوں کے اتحاد اور ملائم سنگھ یادو کے ساتھ خاندانی رشتہ داری قائم ہونے پر کہا کہ بہار اور اتر پردیش پڑوسی ریاستیں ہیں اور ان دونوں کے درمیان قلبی تعلق ہے ۔ نئے سیاسی اتحاد کے تعلق سے پوچھے جانے پر لالو پرساد نے کہا کہ نیتا جی (ملائم) کو آئندہ کے فیصلے کرنے کا اختیار دیا گیا ہے ۔ ملائم سنگھ اور لالو پرساد یادو گزشتہ دور کی پارٹی جنتا پریوار کے تحت چھ پارٹیوں کو لانے کی کوششوں میں جٹے ہوئے ہیں جن میں سماج وادی پارٹی ، جنتادل سیکولر ، آرجے ڈی ، جنتادل یونائیٹیڈ ، انڈین نیشنل لوک دل اور سماج وادی جنتا پارٹی شامل ہیں ۔ دریں اثناء سماج وادی پارٹی کے سربراہ ملائم سنگھ یادو نے کہا کہ ان کے آر جے ڈی صدر لالو یادو کے ساتھ دیرینہ اور گہرے تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا بتارہا ہے کہ میرے اور لالو کے درمیان تعلقات ہیں۔ بلکہ یہ بتانے کی ضرورت ہے کہ یہ تعلقات کب نہیں تھے ۔
ملائم سنگھ یادو ہندی سنستھان کے ایک پروگرام سے مخاطب تھے ۔ انہوں نے ایک پارٹی کی قیادت میں جنتا پریوار کی تشکیل کا اشارہ دیا جو اپوزیشن قوتوں کو یکجاکرے گا۔ سماج وادی پارٹی سربراہ نے کہا کہ ایک وقت پر اختلافات موجود تھے ، لیکن اب تازہ کوششیں کی گئیں۔ لالو پرساد یادو ، نتیش اور اور میں نے کئی برسوں تک کام کیا ہے ۔ نیا متبادل عوام کی بہبود کو یقینی بنائے گا ۔ انگریزی مخالف موقف کی وضاحت کرتے ہوئے ملائم سنگھ یادو نے کہا کہ میں نے ہمیشہ انگلش کی جگہ مقامی زبانوں کو لانے کی وکالت کی ہے۔ اگر کوئی انگریزی پڑھنا چاہتا ہے تو وہ ایسا کرسکتا ہے اور میں خود بھی صرف ہندی ہی نہیں کہتا ، بلکہ میں تمام ہندوستانی زبانوں کو پسند کرتا ہوں ۔ سرکاری دفاتر میں تمام کام صرف ہندوستانی زبانوں میں کیاجانا چاہئے ۔ قائدین عوام سے ہندی زبان میں ووٹ مانگتے ہیں ،لیکن لوک سبھا میں وہ انگریزی میں تقریر کرتے ہیں ۔ اگر وہ انگریزی میں ووٹ مانگیں تو ان کی ضمانت بھی ضبط ہوجائے گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اے پی جے عبدالکلام نے ان سے ہندی سیکھی اور بعد ازاں انہوں نے کافی صفائی سے ہندی بات کرنا بھی سیکھ لیا تھا۔

Merger of 'Janata Parivar' Parties a Permanent Alliance, Says RJD Chief Lalu Prasad Yadav

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں