چین میں برڈ فلو سے ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-30

چین میں برڈ فلو سے ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ

بیجنگ
پی ٹی آئی
چین کے مشرقی علاقہ میں آج ایچ 7این9برڈ فلو سے ایک اور شخص فوت ہوگیا ، جب کہ مقامی میڈیا کے مطابق سال کے اختتام تک برڈ فلو سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے ۔ زنیجانگ کے شہر یونگ کنگ میں حال ہی میں 2افراد کے برڈ فلو سے متاثر ہونے کی اطلاع تھی جن میں آج ایک شخص فوت ہوگیا۔ مقامی میڈیا کے مطابق اس صوبہ میں موسم سرما کے آغاز کے بعد برڈ فلو کے چار کیسس منظر عام پر آئے ہیں۔ اسی دوران ہانگ کانگ میں ایک خاتون کے اس خطرناک وائرس میں مبتلا ہونے اور اس کی حالت نازک ہونے کے پیش نظر اسپتالوں میں چوکسی اختیار کرلی گئی ہے۔ مقامی حکام کے مطابق عالمی ادارہ صحت(ڈبلیو ایچ او) نے اس ماہ کے اوائل میں رپورٹ کی تھی کہ چین میں برڈ فلو سے گیارہ افراد متاثر ہوئے جن میں پانچ فوت ہوگئے۔ بیجنگ کے محکمہ صحت کے عہدیداروں کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق چین میں رواں برس جنوری تا10دسمبر کے دوران برڈ فلو سے متاثرہ جملہ 310کیسس درج کئے گئے ، جن میں132افراد ہلاک ہوگئے ۔ چین میں برڈ فلو وائرس مارچ2013ء سے پھیلنا شروع ہوا اور گزشتہ برس46متاثرہ افراد فوت ہوگئے ۔ اس وائرس کے تعلق سے یہ اندیشے پائے جاتے ہیں کہ یہ بہ آسانی ایک شخص سے دورے میں منتقل ہوسکتا ہے تاہم چینی عہدیدار اور ڈبلیو ایچ او کے مطابق اس وائرس کے انسانوں میں ایک سے دوسرے میں منتقلی کا کوئی ثبوت نہیں ملا ہے ۔

دریں اثنا ٹوکیو سے پی ٹی آئی کی ایک علیحدہ اطلاع کے بموجب جاپان میں اندرون ماہ دوسری مرتبہ برڈ فلو پھیلنے کی توثیق کئے جانے کے بعد آج عہدیداروں نے تقریباً42ہزار مرغیوں کو ختم کردینے کے احکام جاری کئے ۔ ڈی این اے کے معائنوں سے اس بات کی توثیق ہوئی ہے کہ ملک کے جنوب مشرقی علاقوں میں کئی افراد برڈ فلو سے متاثر ہوئے ہیں ۔ مقامی افراد نے بھی اس بات کی توثیق کی کہ اچانک کئی مرغیاں فوت ہوگئیں ۔ عہدیداروں نے آج سے مرغیوں کو ہلاک کرنے کا سلسلہ شروع کیا اور پولٹری فامس کے ذمہ داروں سے کہا کہ اپنی مرغیوں کو کسی اور مقام منتقل نہ کریں ۔

Man dies of bird flu in China

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں