لکھوی کو ضمانت - لوک سبھا میں مذمتی قرارداد منظور - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-20

لکھوی کو ضمانت - لوک سبھا میں مذمتی قرارداد منظور

نئی دہلی
یو این آئی
ممبئی میں2008ء میں ہوئے دہشت گرد حملوں کے اہم ملزم ذکی الرحمن لکھوی کو پاکستان میں ضمانت دئیے جانے کے فیصلہ کی لوک سبھا نے آج سخت الفاظ میں مذمت کی ۔ایوان نے ایک قرار دار منظور کر کے لکھوی کو ضمانت دئیے جانے کے فیصلے کے خلاف ایک آواز میں مرکزی حکومت سے درخواست کی کہ وہ ممبئی حملہ کے معاملہ کو تسلی بخش انجام تک پہنچانے کے لئے پاکستانی حکومت پر ہر ممکن طریقہ سے دباؤ بنائے جس میں دیگر ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات کی بنیاد پر قدم اٹھانا بھی شامل ہے ۔ قرار داد میں اس بات کا اعادہ کیا گیا ہے کہ پاکستان اپنے یہاں دہشت گردی کے اڈوں کو تباہ کرے اور یقینی بنائے کہ ہندستان اور خطہ کے دوسرے ممالک کے خلاف انتہا پسند اپنی ناپاک حرکتوں کو انجام نہ دے سکیں ۔ اسپیکر سمترا مہاجن نے ایوان میں یہ قرار داد پڑھ کر سنائی جس کی اراکین نے میزیں تھپتھپا کر تائید کی۔ قرار داد میں کہا گیا ہے کہ ایوان26نومبر2008ء کے ممبئی حملہ میں166افراد کے قتل کے اہم ملزم ذکی الرحمن لکھوی کو ضمانت دئیے جانے کے فیصلہ کی متفقہ طور پر مذمت کرتا ہے ۔ ہم اس مقدمہ میں تاکیر اور پاکستان حکومت کے رویہ کی مذمت کرتے ہیں جس کے سبب ایک ملزم دہشت گرد کو ضمانت ملی ہے ۔ ہم اس بات پر ہندوستانی عوام کی طرف سے گہری تشویش ظاہر کرتے ہیں کہ145معصوم بچوں اور دیگر لوگوں کے قتل کے واقعہ کے ایک دن بعد اسی ملک نے ایک ملزم دہشت گرد کو ضمانت پر رہا کردیا ۔ قرار داد میں کہا گیا ہے کہ معلوم ہوتا ہے کہ پاکستان نے یہ سبق نہیں سیکھا کہ دہشت گردوں کے ساتھ کوئی سمجھوتہ نہ ہونا چاہئے ۔ ایوان نے پاکستانی حکومت سے اپیل کی کہ وہ لکھوی کو ضمانت دئیے جانے کے خلاف اپیل کرنے کے اپنے موقف پر سختی سے آگے بڑھے اور یہ یقینی بنائے کہ کسی بھی حالت میں ایسے شخص کو رہائی کی اجازت نہ ملے ۔ قرار داد میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان کے لوگ اس بات کو بہت اہمیت دیتے ہیں کہ26/11حملہ کے ذمہ دار افراد ، پاکستان میں ان کے آقاؤں اور ان کے معاونین کو سزا ملے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر خارجہ سشما سوراج نے ایوان کو تیقن دیا کہ حکومت نے پہلے ہی عوام کے احساسات سے پڑوسی ملک کو واقف کرادیا ہے ۔ سشما سوراج نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم نے پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ عدالت کے فیصلہ کو واپس لینے کے لئے اقدامات شروع کردے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان ، پاکستانی حکومت کے اس ادعا کو قبول نہیں کرسکتا کہ لکھوی کے خلاف کوئی ثبوت نہیں ہے ہم یقین سے یہ بات کہہ سکتے ہیں کہ پاکستانی حملوں کی سازش پاکستان میں تیار کی گئی ہے اور گزشتہ6برسوں کے دوران ان کے خلاف ثبوت جمع کئے جاتے رہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے لکھوی کو ضمانت دے کر دہشت گردی کے خلاف لڑائی کے خود اپنے ہی عہد کا مضحکہ اڑایا ہے۔ قبل ازیں بحث میں حصہ لیتے ہوئے کانگریس لیڈر ملکارجن کھرگے نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کو ایوان میں آنا چاہئے اور لکھوی کو ضمانت دئیے جانے کے پیش نظر حکومت کے اقدامات سے ایوان کو واقف کرانا چاہئے ۔ اس پر وزیر اعظم نریندر مودی نے بیان دیتے ہوئے پاکستان کے رویہ پر حیرانی کا اظہار کیا اور کہا کہ پشاور میں دہشت گردوں کی جانب سے132اسکولی بچوں کے وحشیانہ قتل سے ہرہندوستانی غمزدہ ہے ۔ لیکن پروسی ملک نے ممبئی حملہ کے اہم قصوروار کو ضمانت دے کر انسانیت کو صدمہ پہنچانے والا کام کیا ہے ۔ مودی نے لوک سبھا میں اس سلسلہ میں دئیے گئے بیان میں کہا کہ ایوان نے پشاور میں بچوں کے قتل پر جس طرح اپنے جذبات کا اظہار کیا ہے حکومت کی سرگرمیاں اسی کے مطابق رہیں گی ۔

Lok Sabha condemns grant of bail for 26/11 terrorist Zaki-ur Rehman Lakhvi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں