للت نارائن مشرا قاتل معاملہ - 40 سال بعد قاتلوں کو عمر قید کی سزا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-19

للت نارائن مشرا قاتل معاملہ - 40 سال بعد قاتلوں کو عمر قید کی سزا

نئی دہلی
یو این آئی
راجدھانی کی ایک نچلی عدالت نے مشہور زمانہ للت نارائن مشرا قتل کیس میں چاروں خاطیوں کو آج عمر قید کی سزا سنائی۔ کڑ کڑڈوما کی عدالت کے ضلع جج ونود گوئل نے چاروں مجرموں کے لئے عمر قید کی سزا کا اعلان کیا اور ہر ایک پر10 ہزار روپے کا جرمانہ بھی لگایا۔ اس قتل میں39سال 11مہینے اور16دن کے بعد مجرموں کو سزا سنائی گئی ۔ مسٹر گوئل نے گزشتہ15دسمبر کو اس معاملے میں سزا پر سماعت پوری کی تھی اور سزا کے اعلان کے لئے آج کی تاریخ طے کی تھی۔ اس سے پہلے8دسمبر کو اس معاملے میں چاروں ملزموں آنند مارگ کے متبع گوپال جی، رنجن دویدی ، سنتوش آنند اور سدیو آنند و گھوت کو تعزیرات ہند کی دفعات302قتل اور120مجرمانہ سازش قصوروار قرار دیا گیا تھا ۔ ان پر دھماکہ کرنے اورثبوت ضائع کرنے کا قصوروار پایا گیا ہے ۔عدالت نے انہیں دھماکہ خیز مادہ ایکٹ کے تحت بھی قصور وار قرار دیا تھا ۔ اس معاملے کے ایک دیگر ملزم کی موت ہوچکی ہے ۔ عدالت نے15دسمبر کی سماعت میں خاطیوں کی سزا کی میعاد پر دونوں فریقوں کی رائے سننے کے بعد سز سنانے کے لئے آج کی تاریخ مقرر کی تھی ۔
مرکزی تفتیشی بیورو( سی بی آئی) نے قصوروار وں کو پھانسی دی جائے یانہیں، اس کا فیصلہ عدالت پر چھوڑ دیا تھا ۔ دفاعی وکیل نے قصورواروں کی عمر کے پیش نظر نرمی برتنے کی اپیل کی تھی۔ سابق وزیر ریلوے للت نارائن مشرا بہار کے ضلع سمستی پور میں2جنوری1975کو سمستی پور مظفر پور براڈ گیج ریلوے لائن کا افتتاح کرنے گئے تھے، جہاں وہ ایک بم دھماکے میں سنگین طور پر زخمی ہوگئے ۔ انہیں دانا پور کے ریلوے اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جہاں اگلے دن ان کی موت ہوگئی تھی ۔ اس سانحہ میں مزید دو شخص مارے گئے تھے، جب کہ7افراد زخمی ہوئے تھے۔ اس معاملے میں200لوگوں کی گواہی ہوئی۔ اس میں161استغاثہ کی طرف سے اور 40وکیل دفاعی کی طرف سے پیش ہوئے تھے ۔

LN Mishra murder case: All four convicts sentenced to life imprisonment

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں