آئی اے این ایس
جموں و کشمیر میں آج اسمبلی انتخابات کے پانچویں اور آخری مرحلہ کی رائے دہی کا اختتام عمل میں آیا ۔ رائے دہی کا تناسب76فیصد سے زائد رہا ۔ ایک انتخابی عہدیدار نے بتایا کہ 3سرحدی اضلاع میں قائم کردہ2366پولنگ اسٹیشنوں میں جملہ18لاکھ 28ہزار 904رائے دہندوں نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا ۔ ان میں خاتون رائے دہندوں کی تعداد8لاکھ69ہزار891ہے۔ تمام اضلاع میں پولنگ پر امن رہی سوائے ضلع کٹھوعہ کے جہاں کانگریس کے حامی، کل رات دیر گئے پولیس سے متصادم ہوگئے ۔ ریاستی وزیر منوہر لال شرما اور دیگر4افراد کے خلاف کیس درج کرلیا گیا ہے ۔ عوام کا76فیصد رائے دہی طبقہ نے جموں و کشمیر کے اسمبلی انتخابات کی رائے دہی کے آخری مرحلہ میں ہفتہ کے دن گزشتہ25سالوں میں پہلی مرتبہ سرد موسم سرما کا مقابلہ کرتے ہوئے حیران کن مظاہرہ کیا ہے۔ اس آخری مرحلہ میں20حلقوں سے213امیدوار میدان میں تھے ۔ عہدیداروں نے اس رائے دہی کی شرح کو گزشتہ25 سالوں میں ’’تاریخی اور بے مثال‘‘ قرار دیا۔5دسمبر کو ہوئے بڑے دہشت گردانہ حملہ کو چھوڑ کر پانچوں مرحلہ کی رائے دہی بڑے پیمانہ پر پرامن رہی جسمیں8فوجی سپاہیوں کے بشمول21افراد ہلاک ہوئے ۔ ریاستی چیف الیکٹورل آفیسر امنگ نرولا نے آئی اے این ایس کو بتایا کہ رائے دہی مکمل طور پر پر امن اور حادثہ سے پاک رہی ۔ کشمیر کے بارہمولہ کے گاؤں کے سرپنچ کو دہشت گردوں کی جانب سے ہلاک کئے جانے کے واقعہ کے ماسوا کسی اور ہلاکت کی اطلاع نہیں ہے۔ رائے دہی عمل کو متاثر کرنے کی غرض سے سرحد پار سے بھی کسی طرح کی فائرنگ کا تبادلہ نہیں ہوا ۔ پانچوں مرحلوں میں آج کی رائے دہی سب سے اونچی رہی ۔ نرولا نے کہا کہ مجموعی طور پر رائے دہی کا فیصد66رہا ، جب کہ2008میں یہ فیصد56تھا ۔ جموں و کشمیر کے 20حلقوں میں سے کوتھوعہ اور راجوری اضلاع میں80فیصد سے زائد رائے دہی رہی ۔
گاندھی نگر کے ایک پولنگ اسٹیشن پر پولنگ انتظامیہ کی جانب سے رائے دہندوں کو چائے فراہم کرتے ہوئے ایک اعلیٰ نمونہ پیش کیا گیا ۔ سرحد پار سے کسی قسم کی فائرنگ کی صورت میں متبادل انتظامات بھی کئے گئے تھے ۔ خیال رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ٹویٹر پر عوام سے اپیل کی تھی کہ وہ اس آخری مرحلہ کی رائے دہی کو تاریخی بنائیں ۔ جھار کھنڈ میں بھی اسمبلی انتخابات کا پانچواں اور آخری مرحلہ آج اختتام پذیر ہوا ۔ رانچی سے موصولہ پی ٹٰ آئی کی اطلاع کے بموجب جھار کھنڈ کے16اسمبلی حلقوں میں رائے دہی 70فیصد رہی ۔ کسی بھی مقام سے کسی ناخوشگوار واقعہ کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ۔ چیف الیکشن آفیسر پی کے جارجو نے تمام پانچ انتخابی مراحل کی کامیاب تکمیل پر پولیس عملہ اور انتخابی عملہ کی ستائش کی ۔ جھار کھنڈ کے اہم امیدواروں میں چیف منسٹر ہیمنت سورین، اسپیکر اسمبلی ایس شیکھر بھکتا ، کابینی وزیر لوبن ہیمبرم اور سیتا سورین شامل ہیں ۔، آئی اے این ایس کے بموجب جھار کھنڈ اسمبلی انتخابات کے اگزٹ پول میں بی جے پی کو اکثریت ملنے کے آثار نظر نہیں آرہے ۔ اگزٹ پول کے مطابق جھار کھنڈ کی کل81نشستوں میں بی جے پی37سے43کے ساتھ سب سے بڑی پارٹی کے طور پرابھر سکتی ہے ۔ دریں اثناء جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کے اگزٹ پول میں پی ٹی پی کو اکثرت ملنے کی قیاس آرائیاں جاری ہیں۔ اگزٹ پول کے مطابق جموں و کشمیر کی کل87نشستوں میں پی ڈی پی 36سے41نشستوں کے ساتھ سب سے آگے ہے۔ جب کہ بی جے پی کو16سے22نشستیں ملنے کا امکان ہے جو کہ ریاست میں اس کی اب تک کی سب سے بہترین کارکردگی ہوگی۔ نیز حکمراں نیشنل کانفرنس کو صرف9 سے13نشستیں ملنے کی توقع ہے ۔
76 percent voting in J-K, good turnout in Jharkhand
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں