کشمیر کے ائمہ مساجد کا بی جے پی کے خلاف زبردست احتجاج - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-11

کشمیر کے ائمہ مساجد کا بی جے پی کے خلاف زبردست احتجاج

سری نگر
یو این آئی
وادی کشمیر کے تقریباً100ائمہ مساجد اور مختلف زیارت گاہوں کے سجادہ نشیں و متولی حضرات نے چہار شنبہ کو سری نگر کے تاریخی لال چوک میں واقع پرتاب پارک میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے خلاف زور دار احتجاج کیا۔ احتجاجی ائمہ مساجد اور سجادہ نشین حضرات نے الزام لگایا کہ بی جے پی نے یہاں بیرون ریاست تنخواہ دار مولویوں کو وادی کے عوام کو بہکانے کے کام پر لگایا ہے ۔ ائمہ مساجداور سجادہ نشیں حضرات نے بی جے پی کے خلاف زور دار نعرہ بازی کی ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی نے بعض بیرون ریاست مولویوں کو کشمیری مسلمانوں کو گمراہ کرنے کے کام پر لگایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے تنخواہ دار مولوی یہاں کے لوگوں کو بی جے پی کے حق میں ووٹ دینے کے لئے کہہ رہے ہیں ۔ ائمہ مساجد اور سجادہ نشیں حضرات نے کشمیری عوام سے اپیل کی کہ وہ خبردار رہیں اور بی جے پی کے تنخواہ دار مولویوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی طرف سے کشمیر بھیجے گئے مولوی مذہب کا لبادہ اوڑھ کر لوگوں کو گمراہ کررہے ہیں جو شرعی طور پر غلط ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ نومبر کے آخری ہفتے میں وادی کشمیر کے درجنوں علماء کو فریب سے سری نگر کے ایک ہوٹل میں بلایا گیا ۔ انہیں کہا گیا تھا کہ ہوٹل میں منعقد کی جانے والی میٹنگ میں سیلاب متاثرین کی باز آباد کاری کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیاجائے گا لیکن میٹنگ ایک دھوکہ ثابت ہوئی جو اصل میں کشمیری علماء کو بی جے پی کے لئے کام کرنے کے لئے منعقد کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ میٹنگ میں ہمیں دریا گنج نئی دہلی کے رہنے والے کچھ علماء نے مولانا اشرف علی تھانوی ؒ کی تصنیف کردہ مذہبی کتاب بعنوان’’بہشتی زیور‘‘ پیش کی۔ انہوں نے بتایا کہ کتاب پیش کرنے کے بعد ہمیں وادی میں امن و اتحاد برقرار رکھنے کے لئے کہا گیا اور بعد میں کچھ غیر مسلم سیاستدانوں سے متعارف کرایا گیا ۔ کشمیری ائمہ مساجد و سجادہ نشیں حضرات نے بتایا کہ سیاستدانوں نے بی جے پی کے ساتھ اپنی سیاسی وابستگی ظاہر کرتے ہوئے ہمیں وادی میں پارٹی کے ہاتھ مضبوط کرنے کے لئے کہا۔ تاہم ہم نے انکار کرتے ہوئے ہوٹل کے باہر دھرنا دیا ۔

Imams of Kashmir protest against BJP

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں