آگرہ میں مسلمانوں کے جبری تبدیلی مذہب کی مذمت - پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-11

آگرہ میں مسلمانوں کے جبری تبدیلی مذہب کی مذمت - پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی

سری نگر
یو این آئی
اتر پردیش کے شہر آگرہ میں مسلمانوں کے مذہب کی مبینہ جبری تبدیلی کی پرزور مذمت کرتے ہوئے پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی نے آج کہا کہ سنگھ پریوار کے خطرناک منصوبے ہندوستان کی آبادی کا نقشہ بدل رہے ہیں اور اقلیتوں پر خطرناک حد تک دباؤ ڈالاجارہا ہے ۔ رکن پارلیمنٹ و سینئر پی ڈی پی لیڈر طارق حمید قرہ نے اسے ملک میں اقلیتوں کے حقوق پر راست حملہ قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان ایک جمہوری ملک ہے اور مذہب شخصی ترجیح کا معاملہ ہے لیکن سنگھ پریوار اور اس کی محاذی تنظیمیں جیسے آر ایس ایس اور بجرنگ دل ملک کی آبادیاتی تصویر تبدیل کرنے کی کوشش کررہے ہیں ، جو انتہائی خطرناک ہے۔ قرہ نے حضرت بل اسمبلی حلقہ میں سڑک کنارے انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی ۔ اس حلقہ میں14دسمبر کو انتخابات مقرر ہیں ۔ قرہ نے کہا کہ سنگھ پریوار بظاہر جلدی میں ہے اور ہندوستان کو ہندو راشٹر بنانے بی جے پی کے بر سر اقتدار آنے کا فائدہ اٹھا رہا ہے ۔ ملک کو ہندو راشٹر میں تبدیل کرنا ایک ایسا مقصد ہے جس کی ملک کے تمام درست سوچ رکھنے والے افراد مخالفت کریں گے ۔
انہوں نے کہا کہ سنگھ پریوار جموں و کشمیر کے لئے بھی ایسے ہی منصوبے رکھتا ہے لیکن پی ڈی پی عوام کی پہلی پسند کے طور پر ابھر رہی ہے جو اس بات کو یقینی بنائے گی کہ ریاست کے شمولیاتی کردارکوبہر قیمت برقرار رکھاجائے ۔ قرہ نے کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک امر ہے کہ گاندھی کے ہندوستان میں سنگھ پریوار کے تفرقہ پسندی اور تخریبی ایجنڈا کو روبہ عمل لانے فسطائی طریقے اختیار کیے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مذہب شخصی ترجیح کا معاملہ ہے لیکن سنگھ پریوار عوام کے عقائد کی تبدیلی کے لئے جبر اور لالچ کا استعمال کررہا ہے جیسا کہ آگرہ کے مدھو نگر علاقہ میں200محروم اور بے سہارا مسلمانوں کے ساتھ کیا گیا ہے ۔ قرہ نے کہا کہ سنگھ پریوار نے جمو ں و کشمیر میں درمیانی افراد کے ذریعہ یہی حربے آزمانے کی کوشش کی تھی ، تاکہ اکثریتی ووٹ کو تقسیم کیاجاسکے اور عوام کو سیاسی طور پر اختیارات سے محروم کیاجاسکے ۔ بہر حال جموں و کشمیر کے رائے دہندوں نے پی ڈی پی کو فیصلہ کن اکثریت دیتے ہوئے سنگھ پریوار کے ناپاک منصوبوں کو ناکام بنادیا ہے اور یہ بات جاریہ اسمبلی انتخابات کے پہلے تین مراحل میں واضح ہوچکی ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں