یورپی پارلیمنٹ نے فلسطینی ریاست کو تسلیم کر لیا - عرب لیگ اور او آئی سی کا خیر مقدم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-19

یورپی پارلیمنٹ نے فلسطینی ریاست کو تسلیم کر لیا - عرب لیگ اور او آئی سی کا خیر مقدم

جدہ
سعودی پریس ایجنسی
یورپی پارلیمنٹ نے فلسطینی ریاست کو اصولی طور پر تسلیم کرنے اور تنازع کے دوریاستی حل کے لئے ایک مفاہمتی قرار دا د منظور کرلی۔ یورپی پارلیمنٹ میں نمائندگی کی حامل بڑی جماعتوں کے درمیان ڈیل کے بعد قرار داد پیش کی گئی تھی جس میں کہا گیا ہے کہ یورپی پارلیمنٹ فلسطینی ریاست کو اصولی طور پر تسلیم کرتی ہے اور یہ یقین رکھتی ہے کہ یہ ہدف امن مذاکرات کے ذریعے حاصل کیاجانا چاہئے ۔ یورپی پارلیمنٹ کے سوشل ڈیموکریٹ بائیں بازو اور گرین پارٹیوں کے ارکان نے علامتی رائے شماری کے لئے قرار داد پیش کی تھی۔ اس میں یورپی یونین کے رکن28ملکوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ فلسطینی ریاست کو اب کسی شرط کے بغیر تسلیم کرلیاجائے تاہم یورپی پارلیمنت میں سب سے بڑے گروپ یورپی پیپلز پارٹی اور چوتھے بڑے گروپ اتحاد برائے لیبر لز اور ڈیمو کریٹ یورپ نے کہا کہ فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اقدام اسرائیل کے ساتھ مذاکرات کے نتیجے میں طے پانے والے معاہدے کے تحت ہونا چاہئے ۔ اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی نے یورپی پارلیمنٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کیا اور سکریٹری جنرل ایاد مدنی نے کہا کہ تاریخی موقف ہے اور یہ عالمی قرار دادوں سے مطابقت رکھتا ہے ۔ عرب لیگ نے بھی فیصلے کا خیر مقدم کیا ۔ معاون سکریٹری جنرل محمد صبیح نے کہا کہ یہ مثبت اقدام ہے اس سے فلسطینی عوام کو پر امن حل کی امید ملے گی۔ انہوں نے اس امر پر زور دیاکہ دو ریاستی حل کے تحت فلسطینی ریاست کی سرحدیں واضح انداز میں متعین کی جانی ضروری ہیں ۔ یاد رہے کہ سویڈن ، برطانیہ، فرانس ، آئر لینڈ ، فلسطینی ریاست کو اپنے طور پر تسلیم کرچکے ہیں جب کہ آسٹریا تسلیم کرنے کے لئے حکومت پر دباؤ بڑھتا جارہا ہے ۔

European Parliament recognized the Palestinian state

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں