اورنگ آباد اسلحہ ضبطی معاملہ - تلوار پنچ نامہ کرنے والے پولس افسر کی گواہی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-22

اورنگ آباد اسلحہ ضبطی معاملہ - تلوار پنچ نامہ کرنے والے پولس افسر کی گواہی

ممبئی
ایس این بی
اورنگ آباد اسلحہ ضبطی معاملے میں آج ایک اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس (اے ٹی ایس) کی گواہی عمل مین آئی جس نے مبینہ طور پر ملزم کے قبضہ سے تلوار کو ضبط کیا تھا اور اس نے ضبطی پنچنامہ بھی تیار کیا تھا۔ممبئی کی خصوصی مکوکا عدالت کے روبرو بطور سرکاری گواہ حاضر ہوئے سنجے کھرے نے سرکاری وکیل وبھئے بگاڑے کی جانب سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ اس نے ملزم شیخ وقار شیخ نثار کے گھر واقع ماجل گاؤں سے ایک تلوار اور ملزم کے ذریعہ استعمال کیاجانے والا موبائل فون ضبط کیا تھا اور اس نے ہی پنچ گاہوں کی موجودگی میں ضبطی پنچ نامہ بھی تیار کیا تھا ۔خصوصی مکوکا عدالت کے جج جی ٹی قادری کے روبرو سرکاری گواہ نے عدالت میں موجود ملزم کی شناخت بھی کی جس کے بعد سرکاری گواہ سے جمعیۃ علماء مہاراشٹر(ارشد مدنی) کے دفاعی وکیل انصار تنبولی نے جرح کی اور اس پر الزام عائد کیا کہ اس نے آج عدالت میں اے ٹی ایس کے افسران کے اشاروں پر ملزم کی شناخت کی ہے نیز اسے گواہ دینے آنے سے قبل تحقیقاتی دستوں سے سیکھایا تھا کہ عدالت میں کیسی گواہی دینی ہے ۔
سرکاری گواہ نے دفاعی وکیل کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں اعتراف کیا کہ اس نے گواہی دینے آنے سے قبل یاد تازہ کی تھی، جس کے لئے اس نے کچھ دستاویزات کا بھی مطالعہ کیا تھا۔ ایڈوکیٹ انصار تنبولی نے پولیس آفیسر پر الزام لگایا کہ وہ آج عدالت میں جھوٹی گواہی دے رہا ہے کہ اس نے ملزم کے قبضہ سے ایک عدد تلوار اور موبائل فون ضبط کیاتھا اور اس کا ہی اس نے پنچ نامہ بھی تیار کیا تھا جسے ماننے سے سرکاری گواہ نے انکار کیا اور عدالت کو بتایا کہ ملزم کے قبضہ سے ضبط شدہ اشیاء عدالت کے سامنے موجود ہے، آج سرکاری گواہ سے فریقین کی جرح مکمل ہوئی جس کے بعد عدالت نے اپنی کارروائی 26؍دسمبر تک ملتوی کردی کیونکہ خصوصی جج قادری صاحب چھٹی پر جارہے ہیں۔
اسی درمیان استغاثہ نے ایک دوسرے سرکاری گواہ کو عدالت میں طلب تو کیا لیکن اس کے بیان کے اندراج کے بغیر ہی اسے عدالت سے لوٹا دیا کیونکہ استغاثہ کوخوف تھا کہ کہیں وہ منحرف نہ ہوجائے ۔ دوران کا رروائی عدالت میں جمعیۃ علماء کی جانب سے ایڈو کیٹ شاہد ندیم انصاری، ایڈوکیٹ آصف نقوی ، ایڈوکیٹ افضل نواز و دیگر موجود تھے ۔ واضح رہے کہ اورنگ آباد اسلحہ ضبطی معاملے میں عدالت عظمیٰ کے حکمنامہ کے مطابق خصوصی مکوکا عدالت میں روز بہ روز کارروائی جاری ہے نیز چند ماہ میں بقیہ سرکاری گواہان کے بیانات کے اندراج مکمل ہوجانے کی ملزمین اور دفاعی وکلاء کو امید ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں