ٹاملناڈو کے مزدوروں کو پولیس کی مارپیٹ - اے پی حکومت کو نوٹس - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-17

ٹاملناڈو کے مزدوروں کو پولیس کی مارپیٹ - اے پی حکومت کو نوٹس

نئی دہلی
آئی اے این ایس
قومی انسانی حقوق کمیشن نے حکومت اے پی کو ایک نوٹس جاری کی ہے جب کہ اسے پتہ چلا کہ ریاست کے محکمہ جنگلات کے چند عہدیداروں نے پڑوسی ریاست ٹاملناڈو کے مزدوروں کی بری طرح پٹائیکی ہے ۔ کمیشن کے بموجب متاثرین انتہائی غریب لوگ ہیں اور دونوں ریاستوں کے درمیان سرحد پر جنگل میں درخت کاٹ رہے تھے ۔ تاکہ کچھ روپے کماسکیں ۔ مزدور اس بات سے لاعلم تھے کہ چند غیر سماجی عناصر نے قیمتی لکڑی کی کٹائی کے لئے ان کی خدمات حاصل کی ہیں ۔ انہیں اس بات کا بھی کوئی پتہ نہیں تھا کہ لکڑی کاٹنے کے کیا قانونی عواقب ونتائج برآمد ہوسکتے ہیں ۔ اے پی پولیس نے ا ن مزدوروں کو بری طرح زدوکوب کیا۔ ان مزدوروں کا تعلق پڑوسی ریاست کے اضلاع دیلور ، کرشنا گری اور دھرما پوری سے بتایاجاتا ہے ۔ کمیشن نے بتایا کہ پورے واقعہ کی ویڈیو کلپ بھی موجود ہے ۔ کمیشن کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ قانون نافذ کرنے والی ایجنسیاں ، قانون کے مطابق ہی اپنے اختیارات و طاقت کا استعمال کرسکتی ہیں ۔ ویڈیو کلپس دکھاتے ہیں کہ پولیس، غیر مسلح اور بے یارومددگار ورکرس کے ساتھ کسی بری طرح پیش آرہی ہے جنہیں نہ صرف برہنہ کردیا گیا بلکہ خود کو محکمہ جنگلات کے عہدیدار ظاہر کرنے والے افراد نے بری طرح مار پیٹ کا نشانہ بنایا ۔ کمیشن نے اے پی کے چیف سکریٹری اور ڈائرکٹر جنرل آف پولیس کو علیحدہ علیحدہ نوٹس جاری کرتے ہوئے اندرون چار ہفتے رپورٹ داخل کرنے کی ہدایت دی ہے ۔

AP police beat Tamilnadu workers

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں