کشمیر میں ہلاکتوں کے خلاف عوام کا شدید احتجاج - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-06

کشمیر میں ہلاکتوں کے خلاف عوام کا شدید احتجاج

سری نگر
یو این آئی
عوام جن میں زیادہ تر نوجوان اور بچے تھے، آج کرفیو کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک بار پھر سڑکوں پر نکل آئے اور نوگام میں سیکوریٹی فورسس کے ساتھ متصادم ہوگئے ۔ وہ3نومبر کو ضلع بڈگام میں فوج کی فائرنگ میں دو نوجوانوں کی ہلاکت کے خلاف احتجاج کررہے تھے ۔ نوگام میں سینکڑوں افراد نے مختلف مقامات پر مظاہرہ کیا، جہاں کل مہلوک نوجوانوں کی تدفین عمل میں آئی تھی ۔ مظاہرہ کے دوران موافق آزادی نعرے لگائے جارہے تھے ۔ اس علاقہ میں تعینات سیکوریٹی فورسس اور ریاستی پولیس کا عملہ فوری حرکت مٰں آگیا اور پیچھا کرتے ہوئے مظاہرین کو منتشر کردیا ۔ بہر حال مظاہرین دوبارہ مجتمع ہوگئے اور مختلف سمتوں سے سیکوریٹی فورسس پر سنگباری کرنے لگے ۔ سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ نوگام چوک اور بائی پاس کے قریب جھڑپیں ہورہی ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ سیکوریٹی فورسس نے مظاہرین کو منتشر کرنے لاٹھی چارج کیا اور آخری اطلاعات موصو ہونے تک وقفہ وقفہ سے جھڑپوں کا سلسلہ جاری تھا ۔ سیکوریٹی فورسس نے کل اس علاقہ میں مظاہرین کو منتشر کرنے درجنوں آنسو گیس شل برسائے تھے۔ علیحدہ اطلاع کے مطابق نوگام ، شہر خاص اور ڈان ٹاؤن علاقے میں آج مسلسل دوسرے دن کرفیو نافذ رہا ۔ علیحدگی پسندوں نے دو نوجوانوں کی ہلاکت کے خلاف ہڑتال کی اپیل کی تھی۔ واضح رہے کہ دو دن قبل بڈگام کے چکر گرام علاقہ میں فوج کی ایک گشتی پارٹی نے ایک خانگی گاڑی پر فائرنگ کردی تھی ، جس کے نتیجہ میں دو نوجوان ہلاک اور دیگر دو زخمی ہوگئے تھے ۔ فوج نے اس واقعہ کو کورٹ آف انکوائری کا حکم دے دیا ہیاور اس میں ملوث ارکان عملہ کا تبادلہ کردیا ہے ۔ نوگام کو اضافی سیکوریٹی فورسس روانہ کی گئیں جہاں کل مہلوک نوجوانوں کی تدفین عمل میں آئی تھی ۔ تدفین کے بعد اس علاقہ میں بڑے پیمانے پر احتجاج کیا گیاتھا ۔ نوگام، ریلوے کالونی ، نائک باغ ، فیض آباد کالونی اور گلشن نگر کے عوام نے بتایا کہ سیکوریٹی فورسس اور پولیس نے ہمیں گھروں تک محدو د رہنے کی ہدایت دی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ان علاقوں میں دودھ فروشوں اور سبزی فروشوں تک کو داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے ۔
نئی دہلی
پی ٹی آئی
وزارت داخلہ نے ضلع بڈگام میں فوجی جوانوں کے ہاتھوں مبینہ طور پر دو نوجوانوں کی ہلاکت پر حکومت جموں و کشمیر سے رپورٹ طلب کرلی ۔ وزارت داخلہ نے ریاستی حکومت سے کہا کہ وہ اس واقعہ کے بارے میں تفصیلات فراہم کرے کہ یہ کس طرح پیش آیا اور اس سلسلہ میں کیا کارروائی کی گئی ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں