خالد مجاہد معاملہ میں پولیس کی فائنل رپورٹ خارج - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-06

خالد مجاہد معاملہ میں پولیس کی فائنل رپورٹ خارج

بارہ بنکی
ایس این بی
خالد مجاہد معاملہ میں پولیس کی فائنل رپورٹ کو سی جے ایم کی عدالت نے خارج کرتے ہوئے کسی اعلیٰ پولیس افسر سے معاملہ کی دوبارہ جانچ کرانے کی ہدایت دیتے ہوئے دو ماہ کے اندر جانچ کے نتائج سے عدالت کو آگاہ کرنے کو کہا ہے ۔ واضح رہے کہ لکھنو اور فیض آباد کچہریوں میں ہونے والے سیریل بم بلاسٹ کے مبینہ ملزمات میں سے مرحوم خالد مجاہد جن کو کہ فیض آباد کی عدالت پر مقدمہ میں پیشی کے بعد واپس لکھنو لے جایاجارہا تھا راستے میں ان کی مشتبہ حالت میں موت ہوگئی اس معاملے میں مرحوم چچا ظہیر عالم فلاحی کے ذریعہ شہر کوتوالی میں درج کرائی گئی رپورٹ جس میں کہ اس وقت کے ڈی جی پی وکرم سنگھ اے ڈی جی پی انتظامیہ برج لال منوج کمار جھا، چرنجیو ناتھ سنہا، ایس آنند، سمیت تقریباً چار درجن افسران کو نامزد کیا گیا تھا اس معاملے میں پولیس نے جانچ کے دوران فائنل رپورٹ لگادی تھی ۔ اس سلسلے میں ظہیر عالم فلاحی نے فائنل رپورٹ کو من گھڑت بتاے ہوئے سی جے ایم کی عدالت میں مقدمہ دائر کیا تھا آج سی جے ایم وجیندر ترپاٹھی سے پولیس کے ذریعہ داخل کی گئی فائنل رپورٹ کو خارج کردیا ہے اور حکم دیا ہے کہ چونکہ معاملے میں پولیس کے اعلیٰ افسران نامزد ہیں اس لئے ضلع سپرنٹنڈنٹ پولیس کسی اعلیٰ افسر سے معاملے کی دوبارہ جانچ کرائیں اور آئندہ دو ماہ کے اندر جانچ کے نتائج سے عدالت کو آگاہ کریں ۔ واضح رہے کہ گزشتہ18مئی2013کو دہشت گردی کے مبینہ ملزمان مرحوم خالد مجاہد اور محمد طارق قاسمی کو لکھنو ضلع جیل سے فیض آباد ، عدالت پر پیشی کے لئے لیجایا گیا تھا ۔ جہاں سے واپسی پر شام کو بارہ بنکی ضلع کے رام سنہی گھاٹ تھانے کے قریب خالد مجاہد کی مشتبہ حالت میں موت ہوگئی تھی خالد کی موت کے بعد ضلع صدر اسپتال میں زبردست عوامی مجمع کے دباؤ کے بعد19مئی 2013کو علی الصباح 3:30منٹ پر ظہیر عالم فلاحی جو کہ مرحوم کے چچا ہیں کے ذریعہ شہر کوتوالی میں ابتدائی رپورٹ درج ہوئی تھی ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں