سرحد پر ہندوستانی علاقہ میں انفراسٹرکچر کی تعمیر کا حق - مملکتی وزیر داخلہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-02

سرحد پر ہندوستانی علاقہ میں انفراسٹرکچر کی تعمیر کا حق - مملکتی وزیر داخلہ

نئی دہلی
پی ٹی آئی
چین سے متصلہ سرحد پر ہندوستانی علاقہ میں انفراسٹرکچر تعمیر کرنے سے متعلق ہندوستان کے منصوبوں پر چین کے تحفظات249؍اعتراضات کو آج حکومت ہند نے مسترد کر تے ہوئے کہا کہ اس کو(حکومت ہند) کو ہندوستانی علاقہ میں ایسے پراجکٹس تعمیر کرنے کا پورا پورا حق حاصل ہے اور کوئی بھی اس کو روک نہیں سکتا۔ مملکتی وزیر داخلہ کرن رجیجو نے یہاں ایک تقریب کے موقع پر اخبار نویسوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ’’ہم انفراسٹر کچر کی بعض ایسی سرگرمیوں کو اختیار کریں گے جو گزشتہ60سالوں میں اختیار نہیں کی گئی تھیں۔ میرے بیان سے چین کو کوئی مسئلہ نہیں ہونا چاہئے ۔ وہ(چین) مجھے اپنے کام سے نہیں روک سکتا‘‘۔ یہاں یہ تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ چین نے حال ہی میں رجیجو کے اس بیا ن پر شدید رد عمل کا اظہار کیا تھا کہ ہندوستان ارونا چل پردیش کے ضلع چنگلانگ میں ماگو ، ٹنگبو(توانگ) سے وجئے نگر تک بین الاقوامی سرحد سے متصل ایک سڑک تعمیر کرنے کا منصوبہ بنارہا ہے تاکہ میک موہن لائن کے اس پار چین کے روڈ انفراسٹرکچر پر نظر رکھی جائے ۔ وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا تھا کہ’’چین ۔ ہند سرحد کے مشرقی حسہ کے بارے میں تنازعہ ہے ۔ قطعی تصفیہ ہونے سے پہلے ہمیں امید ہے کہ ہندوستان کوئی ایسا قدم نہیں اٹھائے گا جس سے صورتحال مزید پیچیدہ ہوسکتی ہے ۔‘‘
رجیجو نے آج کہا کہ وہ(رجیجو) چینی علاقہ میں نہیں بلکہ ہندوستانی علاقہ میں سرحدی انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے سے متعلق حکومت کے منصوبوں کا حوالہ دے رہے ہیں۔’’میں نے یہ نہیں کہا کہ ہم ان کے علاقہ میں کچھ قدم اٹھائے جارہے ہیں ۔، میں ارونا چل پردیش سے ایک اپی ہوں ۔، مجھے دستوری طور پر منتخب کیا گیا ہے اور مجھے اپنے علاقہ میں جو بھی کام صحیح ہے وہ کرنے کا دستوری حق حاصل ہے اور یہ میری ذمہ داری بھی ہے ۔ میں سرحدی مینجمنٹ پر بھی نظر رکھ رہا ہوں ۔ ‘‘میک موہن لائن کے اس پار ایک ریلوے لائن تعمیر کرنے کے چین کے منصوبہ کے بارے میں ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ’’وہ (چین) ایک طویل عرصہ سے یہ کرتا آرہا ہے اور وسیع پیمانہ پر کررہا ہے ۔ میرا کہنا ہے کہ ہم وہ کام کرنا چاہتے ہیں جو ہمارے علاقہ میں ضروری ہیں ۔‘‘ قبل ازیں فیڈریشن آف انڈین چیمبرس آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام منعقدہ ایک میٹنگ بموضوع’’پرائیویٹ سیکوریٹی انڈسٹری‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے رجیجو نے کہا کہ خانگی سیکوریٹی ایجنسیوں کے رول میں اضافہ کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے2005میں وضع کردہ پرائیویٹ سیکوریٹی ایجنسیز ایکٹ پر کما حقہ عمل نہ ہونے پر فکر مندی کا اظہار کیا اور کہا کہ خانگی سیکوریٹی ایجنسیاں ہنوز غیر منظم ہیں ۔

Will improve infrastructure along China border: Rijiju

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں