دہشت گردی سے نمٹنے متحدہ کوششوں کی ضرورت - راج ناتھ سنگھ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-06

دہشت گردی سے نمٹنے متحدہ کوششوں کی ضرورت - راج ناتھ سنگھ

مناکو
آئی این ایس
وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج دنیا بھر کی حکومتوں سے اپیل کی کہ وہ منظم جرائم پیشہ اور دہشت گرد گروپس کے لئے محفوظ آماجگاہوں کے مسئلہ کو اجتماعی طور پر حل کریں ۔ راج ناتھ سنگھ نے یہاں انٹر پول کے وزارتی اور جنرل اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر کی حکومتوں کو دہشت گردوں کی محفوظ آماجگاہوں اور ان کی داغدار رقومات کا مسئلہ اجتماعی طور پر حل کرنا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ بینکنگ رازداری اور کرپشن و دہشت گردی سے متعلق کیسس میں رازداری ختم کرنے سے دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچانے میں بڑی مدد ملے گی ۔ ممالک کو دہشت گرد سر گرمیوں کو منظم کرنے ، اکسانے ، سہولت فراہم کرنے ان میں حصہ لینے ، مالیہ فراہم کرنے ، حوصلہ افزائی کرنے یاانہیں برداشت کرنے سے باز رہنا چاہئے ۔راج ناتھ سنگھ نے اس اجلاس سے ہندی زبان میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عظیم تر چوکسی اور سخت قانونی گنجائشوں کی ضرورت ہے، تاکہ ان کے حدود کو مزید شفاف بنایاجاسکے ۔ انہوں نے سائبر جرائم سے نمٹنے کی حکمت عملی پر وضع کرنے پر بھی زور دیا ۔
راج ناتھ سنگھ نے ٹوئٹر پر کہا کہ حالیہ برسوں میں فرقہ وارانہ فسادات بھڑکانے اور ریاستوں کو غیر مستحکم کرنے انٹر نیٹ اور سوشل میڈیا کا زیادہ استعمال کیاجارہا ہے۔ ہمیں انٹر پول کے100سال کی تکمیل کے اس تاریخی موقع پر سائبر جرائم سے متعلق اپنی حکمت عملی کو مستحکم بنانے کی ضرورت ہے ۔ راج ناتھ سنگھ نے اس بات کو اجاگر کیا کہ حالیہ عرصہ میں انٹر نیٹ ، انتہا پسند گروپس کے لئے مواصلات کا اہم ذریعہ بن گیا ہے ۔ وزیر داخلہ نے اس بات کی بھی نشاندہی کی کہ اکیسویں صدی میں بین الاقوامی سطح پر مجرمانہ سرگرمیوں میں قابل لحاظ اضافہ ہوا ہے۔ سنگھ نے ٹوئٹر پر لکھا کہ دنیا بعض اہم تبدیلیوں کا مشاہدہ کررہی ہے ، جہاں مہلک غیر سرکاری عناصر زہریلے نظریات کی وجہ سے اپنے آپ میں ریاست بن رہے ہیں ۔ نئے چیلنجس کا مقابلہ کرنے پولیس اور عدالتی نظام کے مسلسل ارتقاء کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ازکار رفتہ قوانین کو موثر قانون سازی کے ذریعہ ختم کیاجانا چاہئے تاکہ کرپشن ، غیر قانونی دولت کی بازیابی اور اسے تحویل میں لینے کے مسئلہ کا حل نکالا جاسکے ۔ انہوں نے100سال کی تکمیل پر انٹر پول کو مبارکباد دی اور نفاذ، قانون میں اس کے بین الاقوامی تعاون کی ستائش کی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم انٹر پول کو مزید طاقتور ،موثر اور نتیجہ خیز دیکھنا چاہتے ہیں ۔


--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں