ہندوستان میں آن لائن شاپنگ میں زبردست اضافہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-21

ہندوستان میں آن لائن شاپنگ میں زبردست اضافہ

نئی دہلی
یو این آئی
مصروف ترین زندگی میں وقت کی کمی کے سبب بھیڑ بھاڑ والے مال اور بازاروں سے دوری اختیار کرنے والے لوگوں کی آن لائن خریداری میں دلچسپی میں اضافہ کی وجہ سے2016تک اس طرح شاپنگ کرنے والوں کی تعداد10کروڑ تک پہنچ جائے گی۔ دنیا کی مقبول سرچ انجن کمپنی گوگل کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں اس وقت تین کروڑ50لاکھ لوگ آئن لائن خریداری کرتے ہیں جب کہ سال2012میں یہ تعداد80لاکھ تھی۔ ملک میں اس برس کے آخر تک انٹر نیٹ استعمال کرنے والوں کی تعداد30کروڑ سے زیادہ ہونے سے یہاں آن لائن شاپنگ کرنے والوں کی تعداد میں بہت تیزی سے اضافہ ہورہا ہے ۔گوگل انڈیا کی منیجنگ ڈائرکٹر راجن آنندن نے کہا کہ ہندوستان میں موبائل فون سے انٹر نیٹ استعمال کرنے والوں میں اضافہ ہورہا ہے۔ صارفین آن لائن شاپنگ کے لئے کمپیوٹر کی بجائے اپنے اسمارٹ فون یا ٹبلیٹ کو ترجیح دے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آن لائن کاروبار کرنے والی کمپنیوں کو گاہکوں کے لئے زیادہ سے زیادہ سامان پیش کرنا چاہئے ۔
رپورٹ کے مطابق آئندہ برسوں میں آن لائن خریداری میں سب سے زیادہ اضافہ ٹیئر ایک زمرے کے گاہکوں میں ہوگا ۔ اس زمرے کے 71فیصد لوگوں نے کہا کہ وہ آئندہ برس انٹر نیٹ کے ذریعہ ہی شاپنگ کریں گے ۔ اس زمرے میں مردوں کے مقابلے آن لائن خریداری کرنے والی خواتین کی تعداد میں دو گنا سے زائد اضافہ نظر آیا ہے ۔ چار میں سے ایک خاتون موبائل کے ذریعہ شاپنگ کرتی ہیں ۔ گوگل کی رپورٹ کے مطابق ٹیئر تین شہروں میں دو میں سے ایک موبائل رکھنا والا آن لائن شاپنگ کرتا ہے جب کہ ٹیئر ایک میں یہ تعداد تین میں سے ایک ہے ۔ اس برس موبائل فون کے ذریعہ آن لائن خریداری کی معلومات حاصل کرنے والوں کی تعداد2012کے24فیصد کے مقابلے میں بڑھ کر57فیصد پر پہنچ گئی ہے ۔ رپورٹ کے مطابق2016تک آن لائن کاروباربازار15ارب ڈالر کا ہوجائے گا۔

Tremendous growth in online shopping in India

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں