رام پال کے خلاف قتل کا مقدمہ درج - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-21

رام پال کے خلاف قتل کا مقدمہ درج

چندی گڑھ؍بروالا
آئی اے این ایس؍ پی ٹی آئی
خود ساختہ اور متنازعہ مذہبی رہنما رام پال کو آج سلاخوں کے پیچھے ڈل دیا گیا۔ قبل ازیں قتل کیس(2006) میں پنجاب و ہریانہ ہائی کورٹ نے انہیں دی گئی ضمانت کو منسوخ کردیا ۔ رام پال کو سیکٹر 6کے جنرل ہسپتال سے عدالت لے جایا گیا جہاں انہیں آج صبح طبی معائنہ کے لئے شریک کرایا گیا تھا ۔ انہیں پولیس لاک اپ میں رکھا گیا تھا اور اس لاک اپ کے باہر سیکوریٹی عملہ کا سخت پہرہ تھا ۔ پولیس اسٹیشن لے جانے سے پہلے رام پال نے اپنی بے گناہی کا دعویٰ کیا ۔ انہوں نے اخبار نویسوں سے کہا کہ’’میں بے گناہ ہوں اور یہ الزامات جھوٹے ہیں ۔‘‘ موصولہ اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ رام پال آج دوپہر دو بجے بالآخر عدالت میں پیش ہوئے اور پنجاب و ہریانہ ہائی کورٹ نے انہیں بعجلت جیل بھیج دیا ۔ ہریانہ پولیس نے رام پال اور ان کے ساتھیوں کے خلاف قتل کے دو مقدمات درج کئے ہیں ۔ اس ہفتہ سیکوریٹی فورسس کے ساتھ تصادم میں چھ افراد کی موت پر یہ مقدمے دائر کئے گئے ہیں۔ ہائی کورٹ نے رام پال کی یہ التجا سننے سے انکا ر کردیا کہ وہ(رام پال) قبل ازیں اس لئے حاضر عدالت نہیں ہوسکے تھے کہ ان کے آشرم میں ان کے چیلوں نے انہیں’’حراست میں رکھا تھا۔‘‘ہائی کورٹ نے حکم دیا کہ رام پال کو آئندہ28نومبر تک پولیس تحویل میں رکھاجائے ۔ مذکورہ تاریخ کو تحقیر عدالت کی کارروائی کی سماعت ہوگی ۔
جسٹس ایم جئے پال اور جسٹس درشن سنگھ پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے ہریانہ کے ڈی جی پی کو ہدایت دی کہ رام پال کی گرفتاری کے لئے کی گئی کارروائی پر ایک تفصیلی حلف نامہ داخل کیاجائے ۔ عدالت نے رام پال کے چیلوں کے مزاحمتی اقدامات کی نوعیت، ہلاکتوں، زخمیوں اور ستلوک آشرم سے اسلحہ کی دستیابی پر ایک رپورٹ بھی طلب کی ہے ۔ معاون عدالت انوپم گپتا نے میڈیا کو یہ بات بتائی ۔ عدالت نے پولیس کو یہ بھی ہدایت دی کہ رام پال کی گرفتاری پر ہوئے اخراجات کی تفصیلات بھی پیش کی جائیں ۔ ریاستی چیف سکریٹری کو ہدایت دی گئی ہے کہ ہریانہ میں رام پال کی زیر ملکیت جائیدادوں سے متعلق ایک رپورٹ پیش کی جائے ۔ یہاں یہ تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ گزشتہ تقریباً دس روز سے رام پال کے چیلوں کے ساتھ کشیدگی کے بعد رام پال کو بالآخر کل رات ان کے ستلوک آشرم سے گرفتار کرلیاگیا ۔ ڈی جی پی ، ایس این وششٹ نے بتایا کہ رام پال کو پولیس سیکوریٹی میں حصار میں بھیجا گیا ہے تاکہ وہ قتل، بغاوت، اقدام قتل،بلوہ، غیر قانونی حراست اور اسلحہ ایکٹ کے تحت تازہ مقدمات میں الزامات کا سامنا کریں۔ ستلوک آشرم میں رام پال کے دست راست بلجیت کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ بلجیت کی دختر ببیتا کو بھی پولیس نے گرفتار کرلی اہے اور ایک لیاپ ٹاپ ،17موبائل فونس اور 3ڈائریاں بھی ضبط کرلی گئیں۔ ان اشیاء کی جانچ کی جائے گی ۔
خبر ملی ہے کہ آج ستلوک آشرم مکمل طور پر خالی ہوگیا اور تقریباً چار ہزار چیلے وہاں سے چلے گئے ۔ رام پال جنہوں نے اپنی بے گناہی کا دعویٰ کیا ہے، پولیس لاک اپ میں سلاخوں کے پیچھے، سلاخوں کو پکڑے ہوئے کھڑے تھے اور ان کے چہرے سے مایوسی عیاں تھی۔ سیکوریٹی فورسس نے آج شام آشرم میں تلاشی شروع کردی ۔ یہ آشرم بارہ ایکر اراضی پر پھیلا ہوا ہے ۔ پولیس کی تلاشی کا مقصد ان اسلحہ کو برآمد کرنا ہے جو رام پال کے حامیوں نے پولیس کارروائی کی مزاحمت کرتے ہوئے استعمال کئے تھے ۔ ست سنگھ ہال میں کئی چیلوں نے بتایا کہ انہیں رام پال پر مکمل اعتماد ہے اور وہ بہت جلد واپس ہوں گے ۔ دوسروں نے بتایا کہ انہیں گزشتہ10تا15دنوں سے انہیں اس ہال میں رہنے پر مجبور کردیا گیا تھا۔ ایک پولیس عہدیدار نے آشرم کے قریب آئی اے این ایس کو بتایا کہ’’کل رات رام پال کی گرفتاری کے بعد سے کئی چیلے ، آشرم سے باہر آتے جارہے ہیں ۔‘‘

Rampal Charged With Murder, Rioting; Will be Interrogated in Hisar Jail

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں