بنیادی ایجنڈہ پر ریپبلیکن سے کوئی سمجھوتہ نہیں - بارک اوباما - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-07

بنیادی ایجنڈہ پر ریپبلیکن سے کوئی سمجھوتہ نہیں - بارک اوباما

واشنگٹن
پی ٹی آئی
وسط مدتی انتخابات میں بڑا جھٹکہ لگنے کے ایک دن بعد امریکی صدر بارک اوباما نے کہا ہے کہ وہ ریپبلکنز کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لئے تیار ہیں ۔ لیکن اس دوران وہ امیگریشن اصلاحات اور اپنے بنیادی ایجنڈہ کا دفاع بھی ضرور کریں گے۔ امیگریشن اصلاحات سے گیارہ ملین غیر قانون امیگرینٹس کو جن میں2.4لاکھ ہندوستانی بھی شامل ہیں ۔ ملک میں رہنے کی اجازت مل سکے گی ۔ ان کے بقول ضرورت پڑنے پر وہ صدارتی اختیارات کا استعمال بھی کریں گے۔ وائٹ ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اوباما نے واضح کیا کہ وہ اپنے بنیادی ایجنڈے پر کوئی سمجھوتہ کرنے کو تیار نہیں ہیں اور اس مقصد کے لئے وہ ایگزیکٹیو پاور استعمال کرنے سے گریز نہیں کریں گے ۔ ری پبلکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے سینیٹ کے نئے لیڈر میچ میککونل نے بھی کہا کہ وہ ڈیمو کریٹس کے ساتھ تعاون کریں گے اور کوشش ہوگی کہ ملک کو ترقی کی راہوں پر گامزن رکھنے کے لئے تعمیری انداز میں کام کیاجائے۔
اوباما نے 90منٹ پر مشتمل اپنی تقریر کے دوران ریپبلکن پارٹی کو وسط مدتی انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ری پبلکن پارٹی کو اب اکثریت حاصل ہے اس لئے اس پر اہم ذمہ داری عائد ہوتی ہے ۔ اوباما کے مطابق امریکہ کی ترقی کے لئے تمام جماعتیں یکجا ہیں ۔ وہ امریکہ کی ترقی کے لئے ریپبلکن پارٹی کی تجاویز سننا چاہتے ہیں اور پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کرکے ان کا ایجنڈا معلوم کریں گے۔ امریکی صدر نے کہا کہ امریکہ میں ملازمین کی تنخواہیں بڑھانے اور ایمیگریشن مسائل حل کرنے کی تجاویز زیر غور ہیں ۔ ایران کے ساتھ نیو کلیر معاہدہ کے تعلق سے انہوں نے کہا کہ تین سے چار ہفتوں میں صورتحال واضح ہوجائے گی۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں