امریک عراق کو مزید 1500 فوجی بھیجے گا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-09

امریک عراق کو مزید 1500 فوجی بھیجے گا

واشنگٹن
رائٹر
صدر امریکہ بارک اوباما نے عراق کے لئے مزید1,500سپاہیوں کو روانہ کرنے کی تجویز کو منظوری دے دی ہے جس کے بعد خلافت اسلامیہ سے مقابلہ کرنے عراقی اور کرد فورسس کی مدد کرنے والے امریکی سپاہیوں کی تعداددگنی ہوجائے گی۔ صدر اوباما نے جمعہ کو وائٹ ہاوس میں کانگریس کے ارکان کے ساتھ اجلاس میں شام میں آئی ایس کے خلاف جنگ کے حوالے سے تازہ ترین معلومات فراہم کیں اور اسی کے بعد مزید دستے عراق بھیجنے کا اعلان کیا ۔ وہائٹ ہاؤز نے عراق میں تربیت اور جنگی سازوسامان کی مد میں کانگریس سے1.6ارب ڈالر منظور کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ پنٹگان کے ترجمان ریئر ایڈ مرل جان کربی نے کہا کہ ان فنڈس کی عراق میں فوج جانے سے قبل منظوری ضروری ہے اور کچھ حکام کے مطابق یہ آئندہ ہفتوں میں منظور ہونے کا امکان ہے ۔ کربی نے بتایا کہ وزیر دفاع چک ہیگل نے کانگریس پر جلد از جلد فنڈ کی منظوری کے لیے زور دیا ہے ۔ عراق میں عسکریت پسندوں کے بڑھتے ہوئے خطرے کے پیش نظر اومابا نے پہلی بار رواں سال گرمیوں میں فوجی دستے واپس عراق بھیجنے کا حکم دیا تھا جہاں اس سے قبل ایک طویل جنگ کے بعد2011ء میں عراق سے امریکی افواج کا انخلا ہوا تھا ۔ اوباما انتظامیہ کے ایک عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر عراق کے منصوبہ کا انکشاف کیا جس کے تحت صوبہ انبار میں پانچ ہزار افراد کو تربیت دے کر مسلح کیاجائے گا۔
واضح رہے کہ اس وقت بھی1400سے زائد امریکی سپاہی عراق میں موجود ہیں جہاں حکام نے1600 سپاہی تعینات کرنے کی حد مقرر کی تھی ۔ تاہم حال ہی میں اس حد میں اضافہ کرتے ہوئے حکام نے3100سپاہیوں تک کی تعیناتی کی اجازت دی ۔ کربی نے بتایا کہ زیادہ ترامریکی فوجیوں کو بھیجنے کا مقصد فوجی اڈوں کی حفاظت ہے جہاں تربیت فراہم کی جائے گی تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ اس کے باوجود امریکی فوجیوں کی جانوں کو خطرات لاحق ہیں ۔ جنرل کربی نے کہا کہ اس تنازعہ میں پہلے ہی ہمارے دو فوجیوں کی اموات ہوچکی ہیں لہذا کوئی بھی کام ایسا نہیں جس میں جوکھم نہ ہو۔ پنٹگان کے مطابق انہوں نے عراق بھر میں تربیت کی فراہمی کے لئے متعدد ٹریننگ کیمپ بنانے کی منصوبہ بندی کی ہے جس میں عراقی فوج کی نو بریگیڈ اور کردش پیشمر گہ جنگجوؤں کی تین بریگیڈ کو تربیت فراہم کی جائے گی ۔ اس سلسلے میں سب سے پہلے جنگ زدہ مغربی صوبہ انبار میں تربیت فراہم کی جائے گی اور جلد فوجی وہاں کا رخ کریں گے ۔ صوبہ انبار میں آئی ایس اور عراقی افواج کے درمیان کئی مہینوں سے جنگ جاری ہے اور اب تک دس ہزار سے زائد عراقی فوجی ہلاک ہوچکے ہیں ۔

Islamic State crisis: US to send 1500 more troops to Iraq

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں