آئندہ برس تک ایبولا کا خاتمہ ممکن - بان کیمون - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-23

آئندہ برس تک ایبولا کا خاتمہ ممکن - بان کیمون

اقوام متحدہ
یو این آئی
اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل بان کیمون نے کہا ہے کہ اگر دنیا نے اپنی کوششوں میں اضافہ کیا تو مہلک ایبولا وائرس کے پھیلاؤ کو آئندہ سال کے وسط تک ختم کیاجاسکتا ہے تاہم انہوں نے انتباہ دیا کہ جہاں مغربی افریقی ممالک میں اس کی زد میں آنے والے افراد کی شرح میں کمی آئی ہے وہیں مالی میں اس کی وجہ سے6افراد کی موت گہری تشویش کاباعث ہے ۔دوسری جانب اقوام متحدہ کے ابیولا مشن کے سربراہ انتھونی بینبری نے کہا کہ دنیا ابھی اس مہلک وائرس کو شکست دینے میں بہت پیچھے ہے۔ واضح رہے کہ مغربی افریقہ کے تین ممالک گنی، سیرالیون اور لائبیریا ایبولا کی پھیلاؤ کی زد میں ہیں اور ان ممالک میں ابھی تک ایبولا سے تقریباً5500افراد کی موت ہوچکی ہے جب کہ نائیجیریا،مالی اسپین اور امریکہ میں بھی واقعات پیش آئے ہیں ۔ دریں اثناء لائبیریا کی پولیس نے کہا کہ29نومبر سے لائبیریا کے تمام ساحلوں کو اس وقت تک کے لئے بند کردیاجائے گا جب تک کہ ملک ایبولاسے پاک قرار نہیں دیاجاتا ۔ پولیس نے ایک بیان میں کہا ہے اس حکم کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اگر کسی کو پایا گیا تو اس کے خلاف عدالتی کارروائی کی جائے گی۔ عالمی صحت کی تنظیم ڈبلیو ایچ او ، عالمی بینک اور آئی ایم ایف کے عہدیداروں سے واشنگٹن میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بان کیمون نے کہا کہ اگر ہم اپنی کوششوں میں تیزی لاتے رہے تو ہم اس وباء کو آئندہ سال کے وسط تک ختم کردیں گے۔
انہوں نے مغربی افریقی ممالک میں مزید طبی عملہ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ابھی تک ایبولا سے لڑنے کے سلسلہ میں بین الاقوامی کوششیں پوری طرح کامیاب ثابت نہیں ہوئی ہیں ۔، بان کیمون نے کہا کہ ہمارے کھیل کا انجام قریب نہیں ہے ۔، ہمیں اس کے نئے مریضوں کے معاملہ میں صفر تک جانا ہے۔ ایبولا ایسی بیماری نہیں ہے کہ آپ ایک دو مریض چھوڑ دیں اور کہیں کہ آپ نے بہت کرلیا۔

Ebola outbreak can be ended in 2015: UN's Ban Ki-moon

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں