اوباما مسئلہ کشمیر کے حل میں کردار ادا کریں - نواز شریف - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-23

اوباما مسئلہ کشمیر کے حل میں کردار ادا کریں - نواز شریف

اسلام آباد
پی ٹی آئی
پاکستان وزیر اعظم نواز شریف نے امریکی صدر بارک اوباما سے درخواست کی ہے کہ وہ ہندوستانی قیادت کے ساتھ مسئلہ کشمیر اٹھائیں جب وہ جنوری میں ہندوستان کا سفر کریں گے اور کہا کہ اس مسئلہ کے عاجلانہ حل سے ایشیا میں پائیدار امن، استحکام اور معاشی تعاون آئے گا ۔ شریف نے اوباما سے اس وقت یہ درخواست کی جب انہوں نے کل رات ہندوستان میں یوم جمہوریہ تقاریب میں مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کے بارے میں اپنے دورہ ہند سے انہیں واقف کروایا ۔ پاکستانی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جمعہ کی رات امریکی صدر اور پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف کے درمیان ٹیلی فون پر بات چیت ہوئی ۔ اس بات چیت میں نواز شریف نے صدر اوباما کو ہندوستان کے ساتھ جاری کشیدگی اور مسئلہ کشمیر کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا اور درخواست کی کہو ہ اپنے دورہ ہند کے دوران ان معاملات پر ہندوستانی قیادت سے بات چیت کریں ۔ وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف نے امریکی صدر کولائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر ہندوستانی فوج کی فائرنگ سے متعلق بھی آگاہ کیا۔
دونوں قائدین کے درمیان یہ بات چیت اسلام آباد حکومت کی جانب سے پاک مقبوضہ کشمیر میں فائرنگ سے پاکستانی فوجی کی ہلاکت کے الزامات کے چند گھنٹوں بعد ہوئی ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف نے صدر اوباما کوبتایا کہ نئی دہلی حکومت کی جانب سے پاکستان کے ساتھ اعلیٰ سطحی بات چیت کی منسوخی اور سرحد پر فائرنگ کے واقعات سے یہ بات واضح ہے کہ ہندوستان ، پاکستان کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے میں سنجیدہ نہیں ہے۔پاکستانی وزارت خارجہ کے بیان میں مزید کہا گیا ہے ، ہم ہندوستان کے ساتھ مذاکرات کے احیاء پرآمادہ ہیں ، تاہم اس کے لئے ہندوستان کو سازگار ماحول فراہم کرنا ہوگا ۔ بیان میں کہا گیا کہ نواز شریف سے بات چیت میں صد ر اوباما نے یقین دلایا کہ وہ جلد ہی پاکستان کا دورہ کریں گے ۔ اوبامانے نواز شریف کو ملک میں صورت حالات معمول پر آنے کے بعد دورے کی یقین دہانی کرائی۔تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا کہ معمول پر آنے سے کیا مراد تھا ، آیا یہ سیکوریٹی صورت حال تھی یا پھر سیاسی بحران ۔اعلامیہ کے مطابق امریکی صدر نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات مضبوط اور جامع ہیں ۔

Sharif eyes Obama's role to resolve Kashmir

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں