اے ایم یو تنازعہ کا تصفیہ - بی جے پی اپنے منصوبوں سے دستبردار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-30

اے ایم یو تنازعہ کا تصفیہ - بی جے پی اپنے منصوبوں سے دستبردار

علی گڑھ
پی ٹی آئی
بی جے پی نے راجہ مہندر پرتاپ کی یوم پیدائش کی تقریب علی گڑھ مسلم یونیورسٹی( اے ایم یو) کیمپس میں منانے کے اپنے منصوبوں سے آج دستبردار ی اختیا ر کرلی ۔ اس طرح تعطل کا خاتمہ ہوگیا ۔ بی جے پی کے منصوبہ کے سبب فرقہ وارانہ گڑ بڑ کا اندیشہ پید اہوگیا تھا ۔ یونیورسٹی کے اس اعلان کے بعد کہ وہ( یونیورسٹی) راجہ کی خدمات اور یونیورسٹی کے لئے راجہ کے عطیہ کے اعتراف میں سمینار منعقد کرے گی ، بی جے پی نے اپنے منصوبے ترک کردیے۔ بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ (علی گڑھ) ستیش گوتم نے بتایا کہ وائس چانسلر (ضمیر الدین شاہ) کے اس اعلان کے بعد کہ قومی تعمیر میں بہادر سپاہی، راجہ مہندر پرتاپ کے رول کے اعتراف میں ایک خصوصی سیمینارمنعقد کیاجائے گا ، بی جے پی نے کسی تصادم سے گریز کے لئے اپنے منصوبوں سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا ۔ وائس چانسلر نے آج ایک بیان میں کہا کہ’’ہمیں یقین دلایا گیا ہے کہ راجہ مہندر پرتاپ کے 128ویں یوم پیدائش کے موقع پر ، پیر یکم دسمبر کو یونیورسٹی گیٹ پر کوئی اجتماع نہیں ہوگا ۔ ہمیں متعلقہ گروپس نے یہ تیقن دیا ہے کہ ماضی کی روایات کے مطابق یونیورسٹی تقاریب ، راجہ مہندر پرتاپ پارک میں منعقدہوں گی ، اس تبدیلی پر ہمیں بہت خوشی ہے ۔‘‘
وائس چانسلر نے بتایا کہ راجہ مہندر پرتاپ کے خدمات کے اعتراف میں ایک سیمینار عنقریب منعقد ہوگا۔‘‘ مجھے یہ کہنے میں ذرہ برابر بھی پس و پیش نہیں ہے کہ راجہ مہندر پرتاپ ، ہندوستان کی جدو جہد آزادی کے ایک ایسے ہیرو ہیں جنہیں زیادہ شہرت نہیں ملی ۔ ان کے رول کو یاد کرنے اور آنے والی نسلوں کو ان کے رول سے واقف کرانے کی ضرورت ہے۔ واقعہ یہ ہے کہ راجہ پرتاپ ، ہماری یونیورسٹی کے طالب علم رہے تھے اور اس ادارہ کے بانیوں سے ان کے قریبی خاندانی مراسم تھے ۔ یہ بات ہمارے لئے باعث فخر ہے ۔راجہ پرتاپ نے اس زمانے کے ممتاز مسلم علماء جیسے مولانا محمود الحسن اور مولانا عبیداللہ سندھی کے ساتھ نمایاں رول ادا کیا تھا ۔ ریشمی رومال تحریک میں ان کا رول یاد رکھنے کے قابل ہے ۔ ہندوستان کی جدو جہد آزادی میں ان قائدین کا ایک اعلیٰ مقام ہے ۔ علی گڑھ کے بی جے پی رکن پارلیمنٹ ستیش گوتم نے کل ،و ائس چانسلر سے مکتوبات کا تبادلہ کیا اور آج وائس چانسلر کے اعلان کا خیر مقدم کیا ۔

AMU raja mahendra pratap dispute settlement

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں