ہندوستانی عوام خود کی طاقت کو پہچانیں - مودی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-04

ہندوستانی عوام خود کی طاقت کو پہچانیں - مودی

نئی دہلی
آئی اے این ایس
وزیر اعظم نریندر مودی نے آج سرکاری زیر انتظام آل انڈیا ریڈیو کا استعمال کرتے ہوئے عوام کو اپنے خیالات سے واقف کرایا اور ان سے اپیل کی کہ وہ اپنی طاقت کو پہچانیں ۔ مودی نے ’’من کی بات‘‘ نامی پروگرام میں اپنے خیالات کا اظہار کیا اور بات چیت کے انداز میں کئی واقعات سنائے ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سوشل میڈیا پر ان سے راست رابطہ رکھیں اور یہ بتائیں کہ معیار زندگی کو کس طرح بہتر بنایاجاسکتا ہے ۔ انہوں نے یہ بھی وعدہ کیا کہ اس پروگرام ’’من کی بات‘‘ مہینے میں دو مرتبہ اتوار کو پابندی سے نشر کیاجائے گا۔ سوچھ بھارت مہم کا آغاز کرنے کے ایک دن بعد اس پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کئی مسائل کا احاطہ کیا۔ وزیر اعظم نے صفائی کو فروغ دینے کی اپنی کوششوں کا حوالہ دیتے ہوئے عوامسے اپیل کی کہ وہ اپنے9دوستوں کو اس سے واقف کرائیں تاکہ صاف ہندوستان کے پیام کو عام کیاجاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ ان 9دوستوں میں ہر ایک کو مزید9,9افراد کواپنے ساتھ شامل کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندستان کو صاف ستھرا رکھنے ہر ایک کو دوسرے سے مربوط ہونا چاہئے ۔ مودی نے کہا کہ آج وجئے دشمی کے موقع پر ہم اپنے اطراف گردوغبار پر فتح حاصل کریں گے ۔ انہوں نے عوام کو دسہرہ کی مبارکباد بھی دی ۔ مودی نے کہا کہ کل ہم نے سوچھ بھارت ابھیان شروع کیا اور میں چاہتا ہوں کہ آپ سب اس مہم میں شامل ہوں ۔ وزیر اعظم نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کھادی کی اشیاء استعمال کریں اور تعطیلات کے اس سیزن کا فائدہ اٹھائیں ۔ جب ملک بھر میں خھادی گرام ادیوگ بھون پر ڈسکاؤنٹ کی پیشکش کی جارہی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ کم از کم ایک چیز چاہے کوئی بھی چیز ہو کھادی کی ہی خریدیں ، چاہے وہ رومال ہو یا بیڈ شیٹ کوئی بھی چیز ہو ۔ کھادی کی ایک چیز خریدنے سے آپ کسی غریب کے گھر میں دیا جلانے میں مدد کرسکتے ہیں ۔ مودی نے ایک شیرنی اور اس کے دو بچوں کی کہانی سنائی جو سوامی وویکانند جو اکثر عوام کو سنایا کرتے تھے تاکہ وہ اپنی اندرونی طاقت یا صلاحیت کو پہچان سکیں ۔ مودی نے کہا کہ شیرنی کا ایک بچہ کھو گیا تھا اور اسے ایک بکری نے پال پوس کر بڑا کیا ۔ جب وہ بڑا ہوا تو بکری کے انداز میں ہی سوچنے اور پیش آنے لگا ۔ ایک دن اچانک اس کی ملاقات خود اپنی ماں سے ہوگئی جب اسے یہ بات سمجھ میں آئی کہ وہ بکری نہیں شیر ہے تو وہ دھاڑنے لگا ۔ مودی نے کہا کہ اس اس ملک کے1.25بلین عوام میں بہت بڑی طاقت ہے ، ہمیں اپنی طاقت کو سمجھنے کی ضرور ت ہے جیسا کہ سوامی وویکانند نے کہا ہے ۔ مودی نے کہا کہ اگر ہم اپنے اندر کی طاقت کو پہنچاننے لگیں تو ہماری عزت نفس میں اضافہ ہوگا اور ہم فاتح بنیں گے ۔ ہمارا ملک بھی فاتح اور کامیاب بنے گا ۔ مودی نے کہا میں سمجھتا ہوں کہ ہمارے1.25بلین عوام میں بڑی طاقت چھپی ہوئی ہے اور وہ بے حد با صلاحیت ہیں ۔ ہمیں اپنے اعتماد کااظہار کرنے کی ضرورت ہے ۔ تکنیکی اشیاء کے استعمال کو پسند کرنے والے مودی نے عوام سے کہا کہ وہ سوشل میڈیا کے ذریعہ ان سے راست رابطہ رکھیں اور اپنی تجاویز پیش کریں ۔ متاثر کن واقعات کو ثبوت کے ساتھ پیش کریں ۔ انہوں نے ان واقعات کو ریڈیو پربیان کرنے کا وعدہ بھی کیا ۔ مودی نے کہا کہ یہ میرا پہلا خطاب ہے، میں آپ کے ساتھ اپنے خیالات بانٹتا رہوں گا۔جو باتیں میرے ذہن میں آئی تھیں ، میں نے آپ کو بتا دیں ۔ میں ایک بار پھر آؤں گا اور اپنے مزید خیالات آپ کے ساتھ بانٹوں گا۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں