یو این آئی
اتر پردیش میں بر سر اقتدار سماجوادی پارٹی (ایس پی) نے آج کہا کہ خود کو ثقافتی اور قومی پارٹی کہنے والی بھارتیہ جنتا پارٹی کی زیر قیادت مرکزی مودوی حکومت نے روشنیوں کے اس تہوار پر جھوٹ اور اندھیرے کو ہی گلے لگانے کا کام کیا ہے ۔ پارٹی نے کہا کہ عوام کو جھوٹے وعدوں اور اپنی بھرم کی جال میں پھنسا کر اقتدار پر قبضہ جمانے والے بی جے پی کے لیڈران اپنے غرور میں اس قدر چور ہے کہ انہیں عوام الناس کے دکھ درد سے کوئی واسطہ نہیں رہ گیا ہے ۔پارٹی کے ترجمان راجیندر چودھری نے کہا کہ مہنگائی کم کرنے کا وعدہ کرنے والی وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت میں دیوالی کے دن سے ہی گیس سلینڈر کی قیمت بڑھا دی گئی ہے۔ رسوئی گیس آج ہر گھر کی ضرورت ہے ۔ اس کی قیمت میں اضافہ ہونے سے گھریلو بجٹ پر اس کا برا اثر پڑے گا ۔ خوردنی اشیاء کی قیمتیں پہلے ہی سے آسمان چھو رہی ہیں ، اور اب مودی سرکار گھر کا چولہا بھی ٹھنڈا کرنے پر تلی ہوئی ہے ۔
سماجوادی پارٹی نے کہا کہ مودی سرکار کی غلط پالیسیوں کے سبب ٹرانسپورٹ کی قیمت میں اضافہ کے کا اثر مال ڈھلائی پر پڑ رہا ہے ۔100دنوں میں مہنگائی کم کرنے کا جھوٹا وعدہ اب عوام کے لئے گلے کی پھانس بن چکا ہے ۔ پارٹی نے کہا کہ بی جے پی نے بر سر اقتدار آنے کے بعد ایک ہفتہ کے اندر ہی کالا دھن بیرون ملک سے واپس لانے کا بھی وعدہ کیا تھا ۔ لیکن آج چار مہینے گزر جانے کے باجوود بھی مرکز کی مودی سرکار کو کالے دھن کی تفصیلات دینے میں پسینہ آرہا ہے ۔ سماجوادی پارٹی نے کہا کہ کبھی کہاجاتا ہے کہ چند ملکوں کے ساتھ مخصوص معاہدوں کے سبب کالا دھن جمع کرنے والوں کا نام نہیں بتایاجاسکتا ہے ۔ تو کبھی کہاجاتا ہے کہ غیر ملکی بینک اپنے کاؤنٹوں کا حساب دینے میں ٹال مٹول کررہے ہیں ۔ اب مودی سرکار کا کہنا ہے کہ غیر ملکی بینکوں میں ہندوستانیوں کے ان اکاؤنٹوں کو باقاعدہ قانونی پروسیس کے تحٹ عوام کے سامنے لایاجائے گا۔
--
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں