کناڈا پارلیمنٹ پر حملہ - وزیر اعظم مودی کا اظہار مذمت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-24

کناڈا پارلیمنٹ پر حملہ - وزیر اعظم مودی کا اظہار مذمت

نئی دہلی
پی ٹی آئی
وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ ہندوستان جسے اپنی پارلیمنٹ پر خوفناک حملے کا تجربہ ہے ، کناڈا کی پارلیمنٹ پر حملہ کے بعد کناڈائی عوام کے احساسات کو بخوبی سمجھ سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی حکومت باہمی تعاون کو مضبوط بناتے ہوئے دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کا عزم رکھتی ہے ۔ انہوں نے اوٹا وا میں کناڈائی پارلیمنٹ پر حملہ کے ایک دن بعد اس حملہ کوبہت زیادہ پریشان کن قرار دیتے ہوئے اپنے بیان میں کہا کہ میں پر زور انداز میں کیوبک اٹاوا اور پارلیمنٹ میں فوجی سپاہی پر حملے کی مذمت کرتا ہوں ۔ انہوں نے پارلیمنٹ کو جمہوریت کا مندر قرار دیتے ہوئے کہا کہ جن افراد کا جمہوریت میں ایقان ہے ان کے دلوں میں پارلیمنٹ کا خصوصی مقام ہوتا ہے۔ ایک ایسے ملک کے طور پر جس کی پارلیمنٹ پر بھی خوفناک حملہ ہوا تھا ، ہم اس ظلم اور زخم کے اپنے احساسات کو کناڈا کی عوام سے احساسات سے منسلک کرتے ہیں۔
سیکوریٹی فورسس کی جانب سے حملہ آور کو مار گرائے جانے سے قبل کناڈا پارلیمنٹ کی عمارت کے اندر اور باہری حصہ میں فائرنگ ہوئی تھی ۔ اس حملہ میں ایک مشتبہ شخص کو گولی مار کر ہلاک کردیا گیا جس نے اس سے قبل ایک فوجی سپاہی کو ہلاک کردیا تھا ۔ پارلیمنٹ کے قریب واقع نیشنل وار میوزیم پر کھڑے ایک گارڈ کو ایک شخص نے گولی مار کر ہلاک کردیا تھا ۔ حملہ آور کے کیا مقاصد تھے اس کا پتہ نہیں چل سکا ۔ لیکن یہ واقعہ حملہ آور کے اسلام قبول کرنے کے دو دن بعد آیا ہے، مارو اور بھاگو طرز کے اس حملہ میں ایک سپاہی ہلاک اور دوسرا زخمی ہوگیا ۔ اس دوران اس حملہ آور کو بھی سیکوریٹی فورسس نے ہلاک کردیا ۔ مودی نے کہا کہ کناڈائی عوام کو ان کے ایک سپاہی کی ہلاکت اور دوسرے کے زخمی ہونے پر میں ہندوستانی عوام کی جانب سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں ۔ میں ان کے ساتھ اس مشکل گھڑی میں اظہار یکجہتی کرتا ہوں، انہوں نے کہا کہ کناڈا بھی ہندوستان کا ایک بڑا پارٹنر ہے اور ہم عوام کے محفوظ مستقبل کے لئے دہشت گردی اور دیگر جرائم کے خاتمہ کے لئے اپنے تعاون کو مستقبل میں بھی مزید مضبوط بنائیں گے ۔

PM Modi condemns attack on Canadian Parliament

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں