وزیراعظم مودی کا دورہ جموں و کشمیر - سیلاب متاثرین کے لئے 745 کروڑ کا پیکیج - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-24

وزیراعظم مودی کا دورہ جموں و کشمیر - سیلاب متاثرین کے لئے 745 کروڑ کا پیکیج

سری نگر
آئی اے این ایس/ یو این آئی
وزیر اعظم نریندر مودی نے آج جموں و کشمیر کے برف پوش سیاچن گلیشر کی بلندیوں پر دیوالی منائی جہاں انہوں نے ملک کے مسلح فورسس کی جراتمندی کی ستائش کی اور ہندوستانی سپاہیوں کے لئے ایک قومی یادگار قائم کرنے کا وعدہ کیا ۔ سیاچن میں جہاں حددرجہ سردی تھی ، مودی دبیزوولن کی شالیں لپیٹے ہوئے تھے ۔ سیاچن پر توقف دیوالی کے موقع پر ان کے دورہ کشمیر کا نقطہ آغاز رہا ۔ بعد میں وزیر اعظم نے حالیہ سیلاب کے متاثرین سے راج بھون میں ملاقات کی ۔(50برس کی مدت میں یہ سب سے زیادہ تباہ کن سیلاب تھا۔) دنیا کے اس بلند ترین میدان جنگ( سیاچن) میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے بھی کم تھا ۔ مودی نے سپاہیوں سے ہندی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ’’قوم کے خادم کی حیثیت سے میں خوش نصیب ہوں کہ مجھے یہ دیکھنے کا موقع ملا کہ ہمارے سپاہی، یہاں کن حالات میں زندگی گزار تے ہیں ۔‘مودی نے جو وولن کے جیاکٹس کا جنگی یونیفارم پہنے ہوئے اور سرخ اسکارف و نیز عینک لگائے ہوئے تھے ، وعدہ کیا کہ وہ اپنے دور وزارت عظمیٰ کے دوران مسلح فورسس کے لئے ایک رینک ایک پنشن اسکیم کو رو بہ عمل لائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ’’یہ میرا فرض بنتا ہے کہ اس امر کو یقینی بناؤں کہ آپ اور آپ کے خاندان فخر کے ساتھ زندگی گزاریں ۔ ہر شخص یہ جانتا ہے کہ سیاچن میں انتہائی سخت موسمی حالات ہیں ۔ ہمارے سپاہی ہر قسم کے چیلنج پر قابو پاتے ہوئے ثابت قدمی کے ساتھ اپنی مادر وطن کی حفاظت کررہے ہیں۔ وہ بلندی ہو یا سخت سردی، کوئی بھی ہمارے سپاہیوں کی راہ میں مزاحم نہیں ہوتا ۔ یہ سپاہی قوم کی خدمت کے لئے کھڑے ہوئے ہیں اور ہمیں ان پر حقیقی معنی میں فخر ہے ۔ ہمارے سپاہیوں کو ہر ہندوستانی سے یہ پیام ملتا ہے کہ ہم آپ کے شانہ بشانہ ہیں۔ ہم اس بات کو محسوس کرتے ہیں کہ آپ کن مشکل حالات میں یہاں متعین ہیں ۔
وزیر اعظم نے مسلح فورسس کے کمانڈر انچیف صدر جمہوریہ پرنب مکرجی اور ملک کے سارے عوام کو دیوالی کی مبارکباد دی ۔ شاید یہ پہلا موقع ہے کہ کسی وزیر اعظم نے دیوالی کا تہوار ہمارے جوانوں کے ساتھ گزارا ہے ۔ مجھے یقین ہے کہ یہ انتہائی منفرد مبارکباد ہے جو یہاں سے پرنب دا کو وصول ہوئی ہے ۔ مودی نے اپنی تقریر میں کہا کہ ’’چونکہ آپ لوگ (سپاہی) رات اور دن جاگتے ہیں ہم آرام کی نیند سوتے ہیں۔ تینوں مسلح فورسس پر قوم کو فخر ہے ۔ وزیر اعظم بننے کے بعد یہ میری پہلی دیوالی ہے اور آپ بہادر جوانوں کے ساتھ یہاں ہوتے ہوئے مجھے بہت خوشی ہورہی ہے ۔ یو این آئی کی اطلاع کے بموجب وزیر اعظم نریندر مودی وادی کشمیر کے سیلاب سے متاثرہ عوام کے ساتھ دیوالی گزارنے کے لئے آج سہ پہر یہاں پہنچے ۔ تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ ملک کا ایک وزیر اعظم وادی کشمیر میں دیوالی منارہا ہے ۔ گزشتہ ماہ وادی میں تباہ کن سیلاب کے سبب لاکھوں عوام متاثر ہوئے ۔ مودی، سیاچن گلیشیر سے سری نگر کی ٹیکنیکل طیران گاہ پہنچے ۔ بعد وہ طیران گاہ سے ذریعہ ہیلی کاپٹر راج بھون آئے جہاں ریاستی گورنر وین این ووہرا ، چیف منسٹر عمر عبداللہ ، ان کے کابینی رفقاء ، سینئر سیول، پولیس اور فوجی عہدیداروں نے ان کا استقبال کیا ۔ وزیرا عظم کے پروگرام کے بارے میں تاہم کوئی سرکاری اطلاع نہیں دی گئی تھی لیکن باخبر ذرائع نے بتایا کہ وہ(وزیر اعظم) سیلاب کے متاثرین کے لئے اب تک عہدیداروں کی جانب سے کئے گئے اقدامات پر تبادلہ خیال کریں گے ۔ وزیر اعظم نے سیلاب سے تباہ مکانات اور ہسپتالوں کی تعمیر نو کے لئے اور طلباء کے لئے ایک فوری پیکیج کا اعلان کیا اور جموں و کشمیر کے عوام کو یقین دلایا کہ موجودہ حالات میں ساری قوم ان کے ساتھ ہے۔
راج بھون میں مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین ، تاجروں اور سیلاب کے متاثرین سے ملاقات کے بعد میڈیا کے ایک گروپ سے بات چیت کے دوران مودی نے مذکورہ پیکیج کا اعلان کیا اور کہا کہ وہ(مودی) گزشتہ7ستمبر کو یہاں آئے تھے جب کہ ساری وادی زیر آب تھی۔ انہوں نے کہا کہ’’ آج میں متاثرہ عوام سے ملاقات کے لئے پھر یہاں آیا ہوں تاکہ ان کے مطالبات اور مسائل سے واقفیت حاصل کروں ۔ ہم متاثرین کی باز آبادکاری کے لئے ہر قسم کی امداد دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ بعض سیاسی جماعتوں کی جانب سے یہ مطالبہ کیا گیا ہے کہ متاثرین کو ریلیف راست طور پر فراہم کیاجائے ۔‘‘ ہم اس بات پر غور کریں گے کہ جو لوگ مکانات سے محروم ہوگئے ہیں ان کے لئے رقم ، راست طار پر ان کے بنک کھاتوں میں جمع کی جائے۔ مرکز نے پہلے ہی متاثرین کے لئے ایک ہزار کروڑ روپے کے پیکیج کا اعلان کیا ہے ۔ آج ہم نے مکانات کی تعمیر نو کے لئے 570کروڑ روپے دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ہم اس ریاست میں6بڑے ہسپتالوں کے لئے نئی مشینوں کی خریدی کی غرض سے اور دیگر کاموں کی انجام دہی کے لئے175روڑ روپے کے پیکیج کا اعلان کرتے ہیں ۔ وزیر اعظم نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ سیلاب میں لاکھوں طلباء اپنی کتابوں اور نوٹ بکس سے محروم ہوگئے ہیں ۔ حکومت اس سلسلہ میں ضروری قدم اٹھائے گی ۔ ریاست کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا ۔ ساری قوم آپ کے(عوام کے) پیچھے ہیں ، اور آپ کی باز آباد کاری کے لئے ہر قدم اٹھائے گی۔

Narendra Modi's Rs 745 crore package to Jammu & Kashmir

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں