منوہر لال کھٹر کی بحیثیت چیف منسٹر ہریانہ حلف برداری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-27

منوہر لال کھٹر کی بحیثیت چیف منسٹر ہریانہ حلف برداری

پنچکلہ(ہریانہ)
آئی اے این ایس
بی جے پی قائد منوہر لال کھٹر نے اتوار کو چیف منسٹر ہریانہ کی حیثیت سے حلف لیا ۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور سینئر پارٹی قائدین جیسے ایل کے اڈوانی اور مرلی منوہر جوشی نے تقریب میں شرکت کی ۔ 60سالہ کھٹر نے جوہریانہ کے پہلے بی جے پی چیف منسٹر بنے ہیں ہندی میں حلف لیا ۔ ان کے ساتھ9وزراء( 6کابینی اور تین مملکتی آزانہ چارج) نے بھی حلف لیا۔ گورنر ہریانہ کپتان سنگھ سولنکی نے چنڈی گڑھ سے متصل پنچکلہ ٹاؤن کے سیکٹر5میں واقع میلہ گراؤنڈ میں کھٹر کو عہدہ و رازداری کا حلف دلایا ۔ کھٹر یکم نومبر1966کو وجود میں آنے والی ریاست کے10ویں چیف منسٹر ہیں ۔ کھٹر کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لئے ایسا لگتا ہے کہ مودی نے پروٹوکول کو نظر انداز کردیا ۔ کھٹر نے90کے دہے میں مودی کے ساتھ کام کیا تھا ۔ وہ اس وقت بی جے پی میں پنجاب و ہریانہ امور کے انچارج تھے ۔ کھٹر کابینہ کے6وزراء میں رام ولاس شرما ، ابھی منیو، اوپی دھنکر، انیل وج ، نرویرسنگھ اور کوتیا جین شامل ہیں ۔ مملکتی وزراء میں وکرم سنگھ ٹھیکے دار ، کرشن کمار اور کرن دیو کمبوج شامل ہیں ۔ انہیں آزادانہ چارج حاصل ہوگا ۔ مرکزی وزراء راج ناتھ سنگھ ، سشما سوراج ، وینکیا نائیڈو ، ہرش وردھن ، منیکا گاندھی اور وی کے سنگھ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ بی جے پی کے قومی صدر امیت شاہ اور جنرل سکریٹری جگت پرکاش نڈا نے بھی شرکت کی ۔ بی جے پی زیر اقتدار ریاستوں کے چیف منسٹرس شیو راج سنگھ چوہان( مدھیہ پردیش) ، آنندی بین پٹیل(گجرات)، رمن سنگھ( چھتیس گڑھ) اور وسندھرا راجے (راجستھان) نے بھی شرکت کی ۔ بی جے پی نے گزشتہ اتوار کو47نشستیں حاصل کرتے ہوئے ہریانہ میں سیاسی تاریخ بنائی تھی ۔
پی ٹی آئی کے بموجب پرکاش سنگھ بادل نے جن کی شرومنی اکالی دل نے ہریانہ میں بی جے پی کے خلاف مہم چلائی تھی ، چیف منسٹر منوہر لال کھٹر کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی لیکن ریاست کے پچھلے چیف منسٹر بھوپیندر سنگھ ہوڈا کی غیر موجوگی سبھی کو کھٹکی ۔ چیف منسٹر پنجاب پر بی جے پی قائدین نے سابق میں تنقید کی تھی کیونکہ شرومنی اکالی دل قیادت بشمول ڈپٹی چیف منسٹر پنجاب سکھ بیر سنگھ بادل نے بھگواجماعت کے امیدواروں کے خلاف مہم چلائی تھی ۔ 80سالہ بادل ان ممتاز شخصیتوں میں شامل تھے جو سب سے پہلے تقریب میں پہنچ گئی تھیں تاہم بادل اور بی جے پی کی اعلیٰ قیادت کے درمیان کوئی بات چیت نہیں ہوئی۔ سابق چیف منسٹر ہریانہ بھوپیندر سنگھ ہوڈا نے یہ کہتے ہوئے تقریب میں شرکت نہیں کی کہ انہیں مدعو ہی نہیں کیا گیا ۔ اوم پرکاش چوٹالہ کی انڈین نیشنل لوک دل کی نمائندگی جو اصل اپوزیشن بن چکی ہے ابھئے چوٹالہ نے کی۔ ابھئے چوٹالہ اس وقت تقریب میں پہنچے جب تمام ممتاز شخصیتیں بشمول وزیر اعظم شہ نشین پر اپنی نشستیں سنبھال چکیں تھیں اور قومی ترانہ گایا جارہا تھا ، سیکوریٹی عملہ نے انہیں قومی ترانہ ختم ہونے تک روکے وہ بعد ازاں شہ نشین پر پہنچے لیکن اس راستے سے نہیں جو وی وی آئی پیز کے لئے مختص تھا۔
مرکزی وزیر را م ولاس پاسوان غیر بی جے پی قائدین میں شامل تھے ۔ جنہوں نے تقریب میں شرکت کی ۔ ریاست ہریانہ اپنی تاسیس کے48سال بعد پہلی بی جے پی حکومت کی کمان میں جاچکی ہے جس کی قیادت پہلی مرتبہ رکن اسمبلی منتخب ہونے والے منوہر لال کھٹر کررہے ہیں۔ پرکاش سنگھ بادل کو گورنر پنجاب شیوراج پاٹل اور چیف منسٹر چھتیس گڑھ رمن سنگھ کے ساتھ بیٹھا دیکھا گیا ۔ بی جے پی کے خلاف انڈین نیشنل لوک دل سے اتحاد پر اکالیوں کو نشانہ بنانے والے سینئر بی جے پی قائد نجوت سنگھ سدھو بھی تقریب میں موجو تھے ۔ اسی دوران ہریانہ کی نئی کابینہ کا اجلاس ریاستی سیول سکریٹریٹ میں کل چیف منسٹر منوہر لال کھٹر کی صدارت میں منعقد ہوگا ۔ سرکاری ترجمان نے یہ بات بتائی ۔

Manohar Lal Khattar takes charge as Haryana's first BJP CM

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں