مصر میں دھماکہ - 25 فوجی ہلاک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-25

مصر میں دھماکہ - 25 فوجی ہلاک

قاہرہ
پی ٹی آئی
مصر کے صحرائے سینائی میں اسرائیل غزہ سرحد پر ایک فوجی چیک پوائنٹ پر بم دھماکہ میں کم از کم25مصری سپاہی ہلاک اور دیگر26زخمی ہوگئے ۔ چیک پوائنٹ پر دو بکتر بند گاڑیوں کو بارود سے بھری کار سے نشانہ بنایا گیا ۔ دونوں گاڑیاں جونہی چیک پوائنٹ پر آکر رکیں تو بارود سے بھری کار کو دھماکہ سے اڑا دیا گیا ۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ انہوں نے سینائی کے صوبائی دارالحکومت العریش کے نزدیک واقع علاقے سے زوردار دھماکے کی آواز سنی تھی ۔ مصری فوجیوں پر اس تباہ کن بم حملے کے بعد صدر عبدالفتاح السیسی نے صورت حال پر غور کے لئے قاہرہ میں سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے ۔ فوری طور پر کسی گروپ نے اس بم دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے ۔ سینائی میں گزشتہ اتوار کو سڑک کے کنارے نصب بم کے دھماکے میں7فوجی ہلاک اور چار زخمی ہوگئے تھے ۔ اس حملے سے تین روز قبل شمالی سینا کے صوبائی دارالحکومت العریش میں اسی طرح کے ایک اور بم دھماکے میں دو پولیس ملازمین ہلاک ہوگئے تھے۔ ستمبر میں اسی علاقہ میں دو بم دھماکوں میں17پولیس ملازمین کو ہلاک کردیا گیا تھا ۔ سینائی میں مصری سیکوریٹی فورسز سے برسر پیکار انصار بیت المقدس نے ایک ویڈیو جاری کی تھی جس میں ان بم حملوں کی ذمہ داری قبول کی تھی ۔ مصری سیکوریٹی فورسز اسرائیل اور غزہ کی پٹی کی سرحد کے ساتھ واقع جزیرہ نما سینا میں گزشتہ ایک سال کے دوران اسلامی جنگجوؤں کے خلاف ایک بڑی کارروائی کے باوجود ان کا مکمل قلع قمع کرنے میں ناکام رہی ہیں۔ اکتوبر میں اب تک مصری فورسز نے انصار بیت المقدس کے ایک کمانڈر سمیت22جنگجوؤں کو ہلاک کرنے کی اطلاع دی ہے اور اس تنظیم نے بھی اپنے ان جنگجوؤں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے ۔ شام میں جاری خانہ جنگی میں حصہ لینے والے مصریوں نے2011میں وطن لوٹنے کے بعد انصار بیت المقدس تنظیم قائم کی تھی ۔

رائٹر کی ایک علیحدہ اطلاع کے بموجب نقاب پوشوں نے مصر کے شہر سوئز میں سعودی عرب کے قونصل خانہ کی دوکاروں کو نذر آتش کردیا ۔ سیکوریٹی ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ4افراد نے ان کاروں پر دیسی بم پھینکے ۔ یہ کاریں سوئز کے ایک پارکنگ لاٹ میں کھڑی ہوئی تھیں ۔ سعودی عرب ، فوجی سربراہ عبدالفتاح السیسی کی حمایت کرتا ہے جنہوں نے اخوان المسلمون کے صدر محمد مرسی کی حکومت کا تختہ الٹنے کے بعد خود ملک کے صدر بن گئے ۔

Egyptian Sinai: Bomb Blast Kills 25 Soldiers

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں