دہلی کانگریس ملازمین کو دیوالی کا تحفہ - دو ماہ کی تنخواہ بونس - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-23

دہلی کانگریس ملازمین کو دیوالی کا تحفہ - دو ماہ کی تنخواہ بونس

نئی دہلی
پی ٹی آئی
ممکنہ اسمبلی انتخابات سے پہلے حوصلہ افزائی کی کوشش کے تحت کانگریس نے آج اپنے ملازمین کو دیوالی کے تحٖفے کے طور پر دو ماہ کی تنخواہ دیا۔ گزشتہ15برس میں اس طرح کا یہ پہلا موقع ہے جب ریاستی کانگریس سے منسلک ملازمین کو اہم تہوار سے قبل اتنا اچھا تحفہ دیاجارہا ہے ۔ دہلی پردیش کانگریس کمیٹی(ڈی پی سی سی) کے صدر اروند سنگھ لولی نے ایک تقریب میں دہلی کانگریس کے26ملازمین کو بونس تقسیم کیا ۔ اس موقع پر بڑی تعداد میں پارٹی کارکن موجود تھے ۔ ڈی پی سی سی کے ترجمان مکیش شرما نے بتایا کہ یہ پہلا موقع ہے جب ملازمین کو بونس دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا ، ہماری پارٹی15سال سے اقتدار میں تھی ۔ یوپی اے حکومت میں دہلی سے تین مرکزی وزیر تھے ۔ لیکن ڈی پی سی سی کے اہلکاروں کو بھی بونس نہیں دیا گیا ۔ اس بار ہم نے ان کو بونس دینے کا فیصلہ کیا۔ شرما نے کہا کہ ان اہلکاروں اور پارٹی کارکنوں نے اگلے چند ماہ میں ہونے والے ممکنہ اسمبلی انتخابات کی تیاری شروع کردی ہے ۔ اس موقع کر کانگریس لیڈر نے دہلی اسمبلی کو فوراً تحلیل کرنے کا بھی مطالبہ کیا اور قومی دارالحکومت میں سیاسی صورتحال واضھ نہیں کرنے کے لئے مرکزی بی جے پی حکومت پر حملہ بولا۔ انہوں نے کہا ہم دہلی میں تازہ انتخابات کا مطالبہ کرتے ہیں اور اگر انتخابات ہوتے ہیں تو ہمیں جیت کا مکمل اعتماد ہے ۔
واضح ہو کہ پچھلے سال دسمبر میں ہوئے اسمبلی انتخابات میں کانگریس کو صرف آٹھ سیٹیں ملی تھیں ۔ اس نے حکومت بنانے کے لئے عام آدمی پارٹی کو باہر سے حمایت دی تھی۔ مہاراشٹرا اور ہریانہ میں بی جے پی کی فتح کے بعد دہلی میںتازہ اسمبلی انتخابات کا امکان بڑھ رہا ہے ۔ اس کی دہلی یونٹ بھی یہاں تازہ مینڈیٹ لینے کے حق میں ہے ۔ ادھر، مہاراشٹرا اور ہریانہ میں اسمبلی الیکشن جیت لینے کے بعد بی جے پی کی ریاستی یونٹ میں یہ اعتماد بڑھ گیا ہے کہ اگر عنقریب دہلی میں انتخابات کرائے جائیں تو یہاں بھی وہ اقتدار میں آسکتی ہے جہاں15سال سے بھی زائد عرصہ سے وہ حزب اختلاف کے رول میں ہے ۔
مہاراشٹرا اور ہریانہ میں بی جے پی کی شاندار کامیابی سے سرشار اس پارٹی کو عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے کنوینر اور دہلی کے سابق وزیر اعلیٰ اروند کجریوال نے بھی دہلی میں تازہ الیکشن کرانے کا چیلنج کیا ہے ۔ حالانکہ دہلی میں انتخابات سے متعلق معاملہ صدر جمہوریہ پرنب مکرجی کی رائے کا منتظر ہے ۔ لیفٹنینٹ گورنر نجیب جنگ نے اس سلسلے میں پرنب مکرجی کو مکتوب بھیجا ہے ۔ لیفٹنینٹ گورنر آفس کے ذرائع کے مطابق ابھی تک صدر جمہوریہ کا جواب نہیں آیا ہے ۔ ان کے جواب کے بعد ہی اسمبلی کو تحلیل کرنے کے بارے میں کوئی حتمی فیصلہ لیاجائے گا۔

Diwali gift: Delhi Congress staff get 2 months salary

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں