عرس حضرت شیخ العالم کے موقع پر کشمیر بھر میں تقاریب - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-23

عرس حضرت شیخ العالم کے موقع پر کشمیر بھر میں تقاریب

سری نگر
یو این آئی
وادی کشمیر میں آج صوفی بزرگ حضرت شیخ العالم نوردین نورانی کا595واں سالانہ عرس نہایت ہی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا ۔ اس سلسلے میں مساجد، زیارت گاہوں اور خانقاہوں میں شب خوانی ، درود و اذکار ، کلام شیخ العالم اور ختمات المعظمات کی روح پرور مجالس منعقد کی گئیں جن میں ہزاروں کی تعداد میں عقیدت مندوں نے شرکت کی۔ علماء کرام اور ائمہ مساجد نے حضرت شیخ العالم کے حالات زندگی، روحانی کمالات اور خاص طور پر شیخ العالم کے کلام کی عصر حاضر میں معنویت اور افادیت بیان کی ۔ عرس کے موقع پر وادی بھر میں عام تعطیل ہوتی ہے۔ عرس کے سلسلے میں سب سے بڑی تقریب وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام کے چرار شریف میں واقع شیخ العالم کے آستانہ عالیہ میں منعقد ہوئی جہاں درود و اذکار ، کلام شیخ العالم اور نعت خوانی کی مجلس رات بھر جاری رہی جب کہ دن بھر کے لئے جاری رہنے والی مجلس میں ہزاروں عقیدتمندوں نے شرکت کی۔ حضرت شیخ العالم نور دین نورانی جنہیں علمدار کشمیر کے نام سے بھی جانا جاتا ہے ، نے600سال قبل قرآن اور حدیث کی تعلیم کو کشمیری زبان میں پیش کیا ۔ شیخ العالم کے سالانہ عرس کے دوران نہ صرف مسلم عقیدتمندان کے آستان عالیہ پر حاضری دیتے ہیں بلکہ کشمیری پنڈت برادری بھی بڑھ چڑھ کر شیخ العالم کے ساتھ عقیدت کا اظہار کرتی ہے ۔ حسب روایت آج بھی ریاست کے اطراف و اکناف اور بیرون ریاست مقیم کشمیری پنڈتوں نے عرس مبارک کے موقع پر آستان عالیہ پر حاضری دی ۔ کشمیری پنڈتوں کے علاوہ فوجی عہدیدار نے بھی آستان عالیہ پر حاضری دی ۔ یہ بات یہاں قابل ذکر ہے کہ کشمیری پنڈت برادری شیخ العام کو نندریشی کے نام سے پکارتے ہیں ۔ دریں اثناء چیف منسٹر عمر عبداللہ اور نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے حضرت شیخ العالم نور دین نورانیؒ کے عرس پر پیام روانہ کرتے ہوئے کہا کہ اس ولی کامل اور عظیم المرتبت اولیاء کی ذات اور درگاہ صدیوں سے کشمیری عوام کی ملی تہذیب و تمدن کا گہوارہ رہی ہے اور ہمیشہ اس بابرکت اور تاریخی زیارت گاہ پر عقیدت مندوں کا تانتا بندھا رہتا ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں