دہشت پسندانہ حملہ کے امکانات کو مسترد نہیں کیا جا سکتا - وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-22

دہشت پسندانہ حملہ کے امکانات کو مسترد نہیں کیا جا سکتا - وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ

نئی دہلی
پی ٹی آئی
مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج کہا ہے کہ ملک میں دہشت پسندانہ حملہ کے امکانات کو مسترد نہیں کیاجاسکتا ۔ یہاں ایک تقریب سے وقت فارغ کرتے ہوئے اخبار نویسوں سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ’’کسی بھی امکان کو مسترد نہیں کیاجاسکتا ۔ ہم دہشت پسندانہ سرگرمیوں کو نظر انداز نہیں کرسکتے اس لئے چوکسی کی ہدایات جاری کی گئی ہیں ۔‘‘ راج ناتھ سنگھ اس سوال کا جواب دے رہے تھے کہ آیا اس فیسٹیول سیزن کے دوران کسی دہشت پسندانہ حملہ کا امکان ہے ؟ فیسٹیول سیزن کے دوران عبادت گاہوں میں اور فرقہ وارانہ طور پر حساس مقامات پر سلامتی کو یقینی بنانے وزارت داخلہ کی جانب سے تمام ریاستوں کو جاری کردہ ہدایت کے بارے میں ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ایسی ہدایات، حکومت کو موصولہ اطلاع کی بنیاد پر وقفہ وقفہ سے باقاعدہ طور پر جاری کی جارہی ہیں ۔‘‘ ہم چوکسی کی ہدایات باقاعدہ طور پر جاری کرتے ہیں ۔ جو بھی اطلاع ہمیں ملتی ہے اس کی بنیاد پر یہ ہدایات جاری کی جاتی ہیں ۔‘‘
وزارت داخلہ نے جاری کردہ ایک ہدایت میں کل کہا کہ گنیش چتورتھی اور درگا پوجا تہواروں کے دوران حال ہی میں کئی مقامات پر فرقہ وارانہ تشدد کے واقعات دیکھے گئے ۔ ہدایت میں کہا گیا کہ جانوروں کے ذبیحہ سے متعلق مسائل پر گزشتہ عیدالاضحی کے دوران بعض ریاستوں میں فضا ، فرقہ وارانہ طور پر کشیدہ دیکھی گئی ۔ چونکہ دیوالی؍کالی پوجا جمعرات23اکتوبر کو منائی جائیں گی ، عبادت گاہوں پر مناسب سیکوریٹی انتظامات اور مسلسل چوکسی ضروری ہوگئی ہے ۔ بالخصوص فرقہ وارانہ طور پر حساس اور انتہائی حساس علاقوں میں معقول سیکوریٹی انتظامات ضروری ہوگئے ہیں تاکہ فرقہ وارانہ تشدد کے واقعات کو روکا جائے۔ قبل ازیں آج پولیس یادگار یوم کے موقع پر منقعدہ تقریب میں شہیدوں کو خڑاج عقیدت پیش کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت دہلی کے چانکیہ پوری علاقہ میں پولیس کی ایک قومی یادگار قائم کرے گی۔ آج کی تقریب اسی مقام پر منعقد ہوئی ۔ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ’’میں سمجھتا ہوں کہ اس سلسلہ میں تعمیراتی کام جاریہ ماہ ہی شروع ہوجائے گا۔‘‘

نئی دہلی سے پی ٹی آئی کی ایک علیحدہ اطلاع کے بموجب پاکستان کو سخت انتباہی پیغام دیتے ہوئے ہندوستانی وزیر دفاع ارون جیٹلی نے کہا کہ’’اگر اسلام آباد کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی کی خلاف ورزیاں جاری رہیں تو یہ پاکستان کے لئے مزید تکلیف دہ ہو گا۔‘‘ جیٹلی نے یہ بات منگل کو ہندوستانی نجی ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کو ایک انٹر ویو میں کہی۔ ارون جیٹلی نے مزید کہا کہ’’مذاکرات کی بحالی کے لئے سازگار حالات بنانے کا انحصار اسلام آباد پر ہے ۔‘‘ نیز انہوں نے کہا کہ ہماری روایتی طاقت ان سے کہیں زیادہ ہے ۔ اس لئے اگر انہوں نے کارروائیاں جاری رکھیں تو ان کو اس مہم جوئی کے نتیجے میں سخت خمیازہ بھگتنا ہوگا اور اس مرتبہ پڑوسی ملک کی گولہ باری کا ہمارے بی ایس ایف کے جوانوں نے ہر مرتبہ ان کی اشتعال انگیزی کا منہ توڑ جواب دیا ہے کیونکہ اگر آپ اپنے حدود سے متجاوز ہوں گے تو یہ ہمارے لئے انتہائی ناقابل قبول ہے‘‘واضح رہے کہ ایک ماہ قبل پاکستان اور ہندوستان کے درمیان لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر فائرنگ اور شیلنگ کا تبادلہ شروع ہوا تھا جو تا حال جاری ہے۔
ارون جیٹلی نے کہا کہ’’ جب پاکستان فائر کرتا تھا تو ہمارے ہاتھ میں ڈھال ہوتی تھی ۔ اس بار ہمارے پاس تلوار بھی ہے۔ نیز انہوں نے کہا کہ’’پاکستان مذاکرات کی بحالی کے لئے ماحول کو ساز گار بنائے ، ہم یقیناًپاکستان سے بات چیت کرنا چاہتے ہیں لیکن ایسا کرنے کے لئے ماحول کو ساز گار بنانا پاکستان پر منحصر ہے ۔ پاکستان کو ایسے کام روکنے ہوں گے جن سے مذاکرات کا ماحول خراب ہوتا ہے ۔ برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق، پاکستانی فوجی حکام کا کہنا ہے کہ لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر حالات اس وقت خراب ہوئے جب ہندوستان نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دفاعی پوزیشن کو مستحکم کرنے کی کوشش کی۔ خیال رہے کہ لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر دونوں ملکوں کی افواج کے درمیان فائرنگ کے واقعات میں دونوں جانب سے اب تک کم از کم 19افراد ہلاک اور50کے قریب زخمی ہوچکے ہیں ،۔ ہلاک ہونے والے12افراد کا تعلق پاکستان سے ہے ۔

Can't rule out terror attack during festive season: Rajnath

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں