سہراب الدین کیس میں ونجارا کو ضمانت - بمبئی ہائی کورٹ کا فیصلہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-12

سہراب الدین کیس میں ونجارا کو ضمانت - بمبئی ہائی کورٹ کا فیصلہ

گجرات کے سہراب الدین نقلی انکاؤنٹر کے بد نام زمانہ کیس میں ملوث ڈی جی ونجارا کو ممبئی ہائی کورٹ نے آج ضمانت دے دی ۔ یاد رہے کہ اس کیس میں ملوث ہونے کی وجہ سے وہ چند برسوں سے جیل میں تھے ۔ اس معاملہ میں اور کئی افسران پر الزامات عائد کیے گئے ہیں لیکن اب وہ سبھی جیل سے باہر ہیں ۔ ونجارا کے خلاف سی بی آئی نے مقدمہ درج کیاتھا ۔ ونجارا کے وکیل نے بتایا کہ ان کی ضمانت اس بات پر عمل میں آئی ہے کہ وہ سات سال سے جیل میں بند ہیں اور ابھی تک معاملہ کی سماعت نہیں ہوئی ہے ۔ چنانچہ انہیں مزید جیل میں بند نہیں رکھا جاسکتا۔ اس سے پہلے2007میں گجرات ہائی کورٹ نے انجارا کی ضمانت مسترد کردی تھی ۔ لیکن فی الحال ونجارا جیل سے باہر نہیں آسکیں گے کیونکہ ان پر عشرت جہاں نقلی انکاؤنٹر کا بھی مقدمہ چل رہا ہے اور اس معاملہ میں انہیں ضمانت نہیں ملی ہے ۔ دو دن قبل ٹرائل کورٹ نے گجرات اے ٹی ایس کے سابق پولیس انسکپٹر این ایس دھابی کی درخواست ضمانت نامنظور کردی تھی ۔ ان پر سہراب الدین شیخ کیس میں سہراب الدین پر گولی چلانے کا الزام ہے ۔ کورٹ کا کہنا تھا کہ انہوں نے اس قتل میں راست کردار ادا کیا۔ دھابی پر الزام ہے کہ انہوں نے سہراب الدین کو آندھرا پردیش سے اغوا کیا تھا اور وہ اس ٹیم کا حصہ تھے جس نے اس نقلی انکاؤنٹر میں انہیں ہلاک کیا تھا۔ گجرات کیڈر کے ایک اور رکن آئی پی ایس آفیسر راج کمار پانڈیا کو ، جن پر بھی اس کیس میں ملوث ہونے کا الزام ہے ، مارچ میں اس کیس میں سپریم کوٹ کی جانب سے ضمانت دے دی گئی تھی۔ انہوں نے جیل میں7سال گزارے تھے۔ اس کیس کے ایک اور ملزم آئی پی ایس ابھئے چداسما کی حال ہی میں گجرات حکومت کی جانب سے بحالی عمل میں آئی تھی ۔

Sohrabuddin fake encounter case: Bombay High Court grants bail to DG Vanzara

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں