میڈیا کے خلاف کے سی آر کے ریمارکس ناقابل قبول - مارکنڈے کاٹجو - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-12

میڈیا کے خلاف کے سی آر کے ریمارکس ناقابل قبول - مارکنڈے کاٹجو

پریس کونسل آف انڈیا کے صدر نشین جسٹس(ریٹائرڈ) مارکنڈے کاٹجو نے میڈیا کے حوالہ سے تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے مبینہ ریمارکس کو انتہائی قابل اعتراض اور جمہوریت میں یکسر ناقابل قبول قرار دیا ۔ سپریم کورٹ کے سابق جج نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ یہ بات معلوم ہوئی ہے کہ کے چندر شیکھر راؤ نے حال ہی میں ایک بیان دیا ہے کہ وہ میڈیا کی گردن توڑ دیں گے اور اسے زمین میں10کلو میٹر گہرائی میں دفن کردیں گے ۔ 2علاقائی تلگو ٹی وی چیانلوں کی جانب سے تلنگانہ ارکان اسمبلی کے خلاف توہین آمیز ریمارکس کے رد عمل میں کے چندر شیکھر راؤ نے یہ بات کہی تھی ۔ مارکنڈے کاٹجو نے کہا کہ ٹی وی چیانلوں کے توہین آمیز ریمارکس بھی نامناسب تھے ، اور میڈیا کو ایس باتوں سے اجتناب کرنا چاہئے۔ پریس کونسل آف انڈیا کے صدر نشین نے تاہم یہ بتایا کہ انہیں یہ اطلاع ملی ہے کہ ارکان اسمبلی کے خلاف توہین آمیز ریمارکس کرنے والے ٹی وی چیانلوں نے اپنی حرکت کے لئے بار بار معذرت خواہی بھی کی اس کے باوجود ان کی نشریات پر پابندی نہیں ہٹائی گئی ہے۔ اس کے برعکس تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ایک عوامی جلسہ میں میڈیا کے خلاف بیان دیتے ہوئے تلنگانہ کی توہین کرنے والوں کی گردنیں توڑ دینے اور میڈیا کو10کلو میٹر اندر دفن کردینے کی دھمکی دی ہے۔ کاٹجو نے سوال کیا کہ کے چندر شیکھر راؤ کس قسم کی زبان استعمال کررہے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ میڈیا کے لئے چیف منسٹر نے جو لب و لہجہ کا استعمال کیا ہے وہ انتہائی مجرمانہ قسم کا ہے اور بہت نامناسب ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے عہدہ پر فائز ایک شخص کی زبان سے ایسی باتیں انتہائی قابل اعتراض اور ناقابل قبول ہیں۔ کاٹجو نے مزید کہا کہ انڈین جرنلسٹس یونین اور تلنگانہ یونین آف ورکنگ جرنلسٹس نے انہیں ایک مکتوب روانہ کیا ہے جس میں چیف منسٹر تلنگانہ کی دھمکیوں پر تنقید کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے مطلع کیا گیا ہے کہ حکومت تلنگانہ کے دباؤ میں کیبل آپریٹرس اسوسی ایشن نے 2ٹی وی چیانلوں ٹی وی9اور اے بی این آندھرا جیوتی کی نشریات مسدود کردی ہیں حالانکہ اے بی این آندھر ا جیوتی نے تلنگانہ ارکان اسمبلی کے خلاف کوئی توہین آمیز ریمارکس نہیں کیے تھے ۔ مارکنڈے کاٹجو نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے ساتھ ساتھ کیبل آپریٹرس اسوسی ایشن سے اپیل کی کہ وہ معطلی کے احکام فوری واپس لے لیں تاکہ دوونوں ٹی وی چیانلس کی نشریات کا دوبارہ آغاز ہوسکے ۔ انہوں نے بتایا کہ ہمارے دستور میں صحافت کی آزادی کی ضمانت دی گئی ہے اور کوئی بھی اس کو کچل نہیں سکتا۔

Justice Markandey Katju objects to CM K. Chandrasekhar Rao’s talk against channels

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں