اردو ادب تہذیبی قدریں ماضی حال اور مستقبل - گری راج کالج نظام آباد میں سمینار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-09

اردو ادب تہذیبی قدریں ماضی حال اور مستقبل - گری راج کالج نظام آباد میں سمینار

girraj-college-nzm-seminar
اُردو ادب تہذیبی قدریں ماضی حال اور مستقبل
قومی کونسل دہلی کے زیر اہتمام گری راج کالج نظام آباد میں ایک روزہ قومی ارود سمینار ،ماہرین کی شرکت

پروفیسر ایس لمبا گوڑ پرنسپل اور ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی صدر شعبہ اردو گری راج کالج نظام آباد کی اطلاع کے بموجب قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان نئی دہلی کے زیر اہتمام گری راج کالج نظام آباد میں ایک روزہ قومی و بین الاقوامی اردو سمینار بعنوان" اردو ادب تہذیبی قدریں، ماضی حال اور مستقبل" 20ستمبر بروز ہفتہ گولڈ ن جوبلی آڈیٹوریم گری راج کالج میں منعقد ہوگا۔ دہلی میں حالیہ عرصہ میں ایک لڑکی کی عصمت ریزی کے انسانیت سوز واقعہ اور ہندوستان و دنیا بھر میں عورتوں پر بڑھتے مظالم اور سماج میں گرتی اخلاقی قدروں کے تناظر میں لوگوں میں بہتر اقدار کے فروغ کے لئے اردو ادب سے روشنی حاصل کرنے کی طرف قدم بڑھانے کے ضمن میں اس سمینار کی منظوری عمل میں آئی ہے۔ اس سمینارمیں اردو ادب کی شعری و نثری اصناف کی شاندار تہذیبی روایات کو پیش کرتے ہوئے عصر حاضر اور مستقبل میں تہذیبی اقدار کے فروغ کے امکانات تلاش کئے جائیں گے۔ سمینار میں مقالوں کی پیشکشی کے ضمنی عنوانات میں اردو زبان کا آغاز اور ملی جلی ہندوستانی تہذیب کی بنیاد،صوفیائے کرام ،اردو زبان اور ہندوستانی قوم کی تشکیل،قلی قطب شاہ کی شاعری اور قومی یکجہتی،دکنی مثنویوں میں تہذیبی قدریں،داستان سب رس اعلیٰ انسانی قدروں کا پہلا منشور،ولیؔ اردو غزل کی تہذیب کا اولین ستارہ،میرؔ اور غالبؔ دہلوی تہذیب کے دورُخ،اردو شاعری اور تصوف،فورٹ ولیم کالج انگریزوں کو ہندوستانی تہذیب سکھانے کی اولین کوشش،ارد و داستانوں کی تہذیبی اہمیت،داستان باغ و بہار اور ہندوستانی تہذیب،مراثی انیس اور انسانی رشتوں کا تقدس،اردو مرثیوں کی تہذیبی اہمیت،اردو ناولوں میں ہندوسانی تہذیب،امراء جان ، فسانہ عجائب اور لکھنو کی تہذیب،اردو ناولوں میں حیدرآبادی تہذیب ،اردو اور قومی یکجہتی،کلام اقبال اور انسانیت کا مقام،بچوں کے لئے اقبال کی نظمیں اور ان کی تہذیبی اہمیت،اردو افسانہ اور خواتین کے مسائل،منٹو اور عصمت کی افسانہ نگاری کے تہذیبی اثرات،جدوجہد آزادی میں اردو کا کردار،ہندوستان کے تہذیبی و ثقافتی مسائل اور اردو ادب،تقسیم ہند کے تہذیبی مسائل اور اردو ادب ،اردو رباعی اور اخلاقی قدریں ۔ ،عورتوں پر مظالم کے تدارک کے لئے اردو ادب کی مساعی،میڈیا کے اثرات اور اردو تہذیب،اردو ڈرامہ اور معاشرے کی تعمیر’بہتر معاشرے کی تشکیل میں اردو صحافت کا رول،اردو خاکے اور مثالی انسان،اردو سوانح عمریاں اور تہذیبی اقدار۔عصر حاضر میں تہذیبی قدروں کو پروان چڑھانے میں ادب ادیب اور سماج کا رول، پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا اور صحافتی اقدار اور دیگر موضوعات شامل رہیں گے۔ یونیورسٹی اور کالج کے اساتذہ اور ریسرچ اسکالرس اپنے مقالے 15ستمبر سے قبل کنوینر سمینار ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی تک بذریعے ای میل draslamfaroqui@gmail.com پر روانہ کریں۔ اس سمینار میں نامور محقق ،نقاو وماہر اقبالیات وانیس ڈاکٹر تقی عابدی کناڈا سے بذریعے ویڈو کانفرنس خطاب کریں گے۔ ڈاکٹر علیم خان فلکی،جناب مکرم نیاز سعودی عرب سے، جناب علی نثار کناڈا سے اور جناب راشد اشرف پاکستان سے اپنے مقالے پیش کریں گے۔ پروفیسر خالد سعید انچارج ڈائرکٹر مرکز برائے اردو زبان تہذیب و ثقافت اردو یونیورسٹی، ڈاکٹر فضل اللہ مکرم چیرمین بورڈ آف اسٹڈیز اورینٹل اردو عثمانیہ یونیورسٹی،ڈاکٹر فاضل حسین پرویز مدیر گواہ، جناب مصطفی علی سروری اردو یونیورسٹی ، ڈاکٹر معید جاوید صدر شعبہ اردو عثمانیہ یونیورسٹی ، پروفیسر فاطمہ پروین عثمانیہ یونیورسٹی، ڈاکٹر اطہر سلطانہ صدر شعبہ اردو تلنگانہ یونیورسٹی بہ طور مہمان شرکت کریں گے۔ جناب نصیر الدین صاحب لیکچرر موظف ، جناب محمد عبدالعزیز صاحب ماہر تعلیم مقامی مہمان ہونگے۔ دیگر یونیورسٹیوں کے پروفیسرس و ریسرچ اسکالرس بھی اس ایک روزہ اردو سمینار میں شرکت کر رہے ہیں۔ سمینا کے شریک کنوینرس ڈاکٹر محمد ناظم علی پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج آرمور ، جناب محمد عابد علی اکیڈیمک کوآرڈینیٹر گری راج کالج اور جناب ڈاکٹر محمد عبدالرفیق یوجی سی کوآرڈینیٹر گری راج کالج نے تمام اردو دوستوں سے اس سمینار میں شرکت کی خواہش کی ہے۔سمینار کے بارے میں مزید تفصیلات ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی کنوینر سے فون 9247191548 سے حاصل کی جاسکتی ہیں۔

Urdu Literature and its cultural values, Past present and future. Seminar at Giriraj College nizamabad

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں