تلنگانہ میں نئی عمارتوں کی تعمیر کے لیے سولار پیانل کی تنصیب لازمی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-20

تلنگانہ میں نئی عمارتوں کی تعمیر کے لیے سولار پیانل کی تنصیب لازمی

حیدرآباد
پی ٹی آئی
تلنگانہ حکومت نے حیدرآباد میں نئی تعمیر ہونے والی عمارتوں کے لئے چھت پر سولار پیانلس کی تنصیب کو لازمی قرار دینے کا منصوبہ بنایا ہے تاکہ توانائی کی ضرورتوں کو موثر طور پر پورا کیاجاسکے ۔ اڈمنسٹر یٹیو اسٹاف کالج آف انڈیا اورگریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے زیر اہتمام ایک ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے تلنگانہ کے وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی وپنچایت راج کے تارک راما راؤ نے کہا کہ حیدرآبا د میں یہ قاعدہ پہلے سے لاگو ہے ۔ انہوں نے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کو اس پر سختی کے ساتھ عمل آوری کی ہدایت دی۔ شہر میں6تا10اکتوبر گیارہویں میٹرو پولیس ورلڈ کانگریس کے انعقاد سے قبل ’’ہندوستانی شہروں کی اسمارٹ سٹیز میں تبدیلی‘‘ کے موضوع پر یہ ورکشاپ منعقد کیا گیا تھا۔ریاستی وزیر نے اس بات کا اعتراف کیا کہ کئی لوگ اس قانون سے واقف نہیں ہیں جس کے تحت عمارتوں کی چھت پر سولار پیانلس کی تنصیب لازمی ہے۔ جی ایچ ایم سی کو چاہئے کہ وہ فوری سختی کیساتھ اس قانون پر عمل آوری کو یقینی بنائے ۔ ورکشاپ کے موضوع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کے تارک راما راؤ نے کہا کہ اسمارٹ سٹی کا مطلب صرف ٹکنالوجی نہیں ہے بلکہ اسمارٹ شہری اور اسمارٹ شہری خدمات بھی ہیں ۔ اسمارٹ سٹی کے تصور کو معیار زندگی بلند کرنے کے لئے استعمال کیاجانا چاہئے ۔
ٹکنالوجی کا بھی بہتر استعمال یقینی بنایا جائے ۔ یہ انفرادی بات نہیں ہے بلکہ ہر ایک سے متعلق ایک اجتماعی تصور ہے جس کی ذمہ داری ہر ایک پر عائد ہوتی ہے ۔ اس اصطلاح کو ہندوستانی نقطہ نظر سے سمجھاجانا چاہئے کیونکہ ہمارا ملک کثیر تہذیبی و ثقافتی پہلوؤں کا حامل ہے اور کسی بڑے منصوبہ پر عمل آوری میں کئی پیچیدگیاں سامنے آتی ہیں ۔ انہوں نے مثال پیش کرتے ہوئے بتایا کہ ٹریفک مینجمنٹ ، روزانہ پینے کے پانی کی سربراہی اور حفظان صحت کی بہتر خدمات پر عمل آوری دشوار کام ہے ۔ انہوں نے عوام سے ڈسپلو شعور بیدار کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے بتایا کہ جب تک عوام میں شعور نہیں آئے گا، ٹریفک مینجمنٹ کو بہتر نہیں بنایاجاسکتا اور نہ ہی توانائی کا بہتر استعمال کیاجاسکتا ہے ۔ انہوں نے مزیدکہا کہ اسمارٹ سٹی کا آئیڈیا ، معیار زندگی کوفروغ دینے کے لئے متعارف کرایاجانا چاہئے اور ٹکنالوجی کا بہتر استعمال بھی ایک چیالنج ہے جس کے ضمنی اثرات ماحولیات پر مرتب ہوسکتے ہیں ۔ ہمیں سر سبز و شاداب ماحول کو برقراررکھتے ہوئے بہتر ٹریفک مینجمنٹ ، گندے پانی کی نکاسی اور پینے کے پانی کی سربراہی جیسے مسائل پر موثر ڈھنگ سے کام کرنا پڑے گا۔ اسمارٹ سٹیز کی تعمیر میں یہ مسائل سب سے پہلے سامنے آئیں گے جن کی یکسوئی کی ضرورت ہے ۔

Solar panels to be made mandatory for new buildings in Hyderabad

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں