شیوسینا سے اتحاد کے لئے ہم نے ہمیشہ قربانی دی - بی جے پی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-20

شیوسینا سے اتحاد کے لئے ہم نے ہمیشہ قربانی دی - بی جے پی

ممبئی
پی ٹی آئی
بی جے پی نے آج کہا کہ مہاراشٹرا میں اپنے قدیم حلیف شیو سینا کے ساتھ اتحاد کو برقرار رکھنے اس نے ہمیشہ قربانی دی ہے تاہم پارٹی نے سینا کی جانب سے ریاستی اسمبلی انتخابات کے لئے119حلقوں کی تازہ پیشکش کو قبول کرنے سے انکار کردیا ۔ بی جے پی نے تاہم بات چیت کے دروازے بند نہیں کئے ہیں اور اپنے موقف میں نرمی پیدا کرتے ہوئے فیصلہ کیا کہ مفاہمت کا نیا فارمولہ شیوسینا کو پیش کیاجائے۔ سینئر بی جے پی لیڈر سدھیر منگتیوارے نے صحافیوں سے کہا کہ پارٹی کے کور کمیٹی کے اجلاس نے متفقہ طور پر یہ رائے ظاہر کی کہ سینا کے ساتھ اتحاد جاری رکھا جانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد کو بچانے ماضی میں ہم نے ہمیشہ وسیع القلبی کا مظاہرہ کیا ہے۔ جب شیو سینا نے شرد پوار کو وزیر اعظم کی حیثیت سے پیش کرنے کی خواہش کی تو بی جے پی نے اسے مسترد نہیں کیا ، اسی طرح جب صدر جمہوریہ کے لئے پرتیبھا پاٹل اورپرنب مکرجی کی امیدواری کی تائیدکا انہوں نے فیصلہ کیا تو اتحاد اور ریاست کی عوام کی خاطر پارٹی نے اسے قبول کرلیا۔
15اکتوبر کو منعقد شدنی انتخابات کے سلسلہ میں نشستوں کی تقسیم پر شیو سینا بی جے پی کا مطالبہ تسلیم کرنے کے لئے تیار نہیں ہے۔ بی جے پی کی جانب سے الٹی میٹم دینے کے بعد شیو سینا نے اپنا موقف اور بھی سخت کرتے ہوئے آج کہا کہ ان کی پارٹی مہاراشٹرا میں اتحاد کی سب سے بڑی جماعت ہوگی اور چیف منسٹر بھی اسی پارٹی کا ہوگا ۔ دونوں جماعتوں کے درمیان دھمکیوں اور الٹی میٹم کے تبادلہ کے بعد آج یہاں اوم ماتھر کے گھر بی جے پی کی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا ، جس میں بی جے پی کی مہاراشٹرا یونٹ کے صدر دیویندر فڈناویس ، اسمبلی میں بی جے پی کے اپوزیشن لیڈر ایک ناتھ کھڈسے ، ونود تاؤڑے اور پنکج منڈے سمیت دیگر قائدین نے شرکت کی ۔ ذرائع کے مطابق مرکزی وزیر نتن گڈ کری وزیر اعظم نریندر مودی سے اس سلسلہ میں تبادلہ خیال کرکے ممبئی واپس آرہے ہیں۔

Always sacrificed to save alliance with Shiv Sena: BJP

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں