ریاض میں کنگ عبدالعزیز عجائب گھر بانی مملکت اور عصر حاضر میں قرآن و سنت طیبہ کے نفاذ کے لئے قائم کی جانے والی پہلی اسلامی ریاست کا شاندار تعارف ہے ۔ اگر آپ ملک فہد روڈ کی طرف سے داخل ہوں تو سبزہ زاروں اور پھولوں کا خوبصور ت منظر آپ کا استقبال کرے گا ۔ بائیں جانب آپ کو ایک عالیشان مسجد نظر آئے گی جس کی خوبصورتی ، نفاست اور تعمیراتی حسن کی داد دئیے بغیر آپ نہیں رہ سکیں گے ۔ عجائب گھر کے مرکزی دروازے کے باہر ایک خوبصورت آبشار اپنار نگ بکھیر تی نظر آتی ہے ۔
استقبالیہ پر پہنچ کر10ریال کا ٹکٹ حاصل کریں ، اور اندر داخل ہوجائیں ۔ عالیشان عجائب گھر کی صفائی ستھرائی اور تعمیر و نفاست دیکھ کر کسی ’’7اسٹار ہوٹل ‘‘ کا گمان ہوتا ہے ۔ عجائب گھر کا کل رقبہ17000مربع میٹر ہے اور 2منزلہ ہے ۔ دوسری منزل کو ملا کر اس کا کل رقبہ28000مربع میٹر بن جاتا ہے۔ عجائب گھر 8بڑے ہالوں پر مشتمل ہے ۔4ہال پہلی منزل اور اتنے ہی ہال دوسری منزل پر ہیں ۔
پہلے حصے میں انسان اور کائنات کا تعارف مختلف اشیاء رکھ کر کرایا گیا ہے ۔ یہاں مختلف وڈیوز اور معلوماتی بورڈز کے ذریعے انسان اور کائنات کے ارتقاء کی کہانی مجسم شکل میں بیان کی گئی ہے ۔ دوسرے ہال میں قبل از اسلام کی عرب ثقافت کو روشناس کرایا گیا ہے ۔ پرانی ترقی یافتہ قوموں کے حوالے سے معلومات فراہم کی گئی ہیں کہ وہ کس طریقے سے پہاڑوں کو تراش کر گھر بنایا کرتی تھیں ۔ اس حصے میں اس دور کے حوالے سے مختلف پرانی اشیاء بھی موجود ہیں ۔ یہ حصہ پرانی عرب تہذیب و ثقافت کا آئینہ دار ہے ۔
تیسرے حصے میں قبل از اسلام ، مکہ مکرہ اور اس کے گردونواح کا حال احوال بیان کیا گیا ہے۔ مقدس شہر مکہ مکرمہ کے اطراف پیش آنے والے یادگار عبرتناک واقعے سے درس دینے کے لئے اصحاب الفیل کا واقعہ مختلف شکل و صورت میں پیش کیا گیا ہے ۔
چوتھے ہال میں571ء میں نبی کریم ﷺ کی بعثت مبارکہ سے متعلق واقعات کو مختلف ماڈلز کی صورت میں پیش کیا گیا ہے اور بورڈز کے ذریعے ہجرت مدینہ منورہ سے پہلے کے واقعات کو بیان کیا گیا ہے جن میں غار حراء ، غار ثور اور طائف کا واقعہ خاص طور پر قازبل ذکر ہے ۔ یہاں نبی کریم ﷺ کے مقدس مشن کو اس خوبصورت انداز میں پیش کیا گیا ہے کہ آپ کو ایسا محسوس ہونے لگتا ہے کہ گویا آپ اس دور میں موجود ہے۔
5واں حصہ نہایت ہی اہم ہے اور محسوس ہوتا ہے کہ اس کو سجانے میں تمام صلاحیتوں اور توانائیوں کو بروئے کار لایا گیا ہے ۔ جیسے ہی آپ گیلری میں داخل ہوں گے ، بچیوں کی خوبصورت آوازمیں تاریخی اشعار آپ کے کانوں میں گونجنے لگیں گے ۔ ایسا محسوس ہوگا کہ بچیاں محبوب آقا محمد ﷺ کے شہر مبارک کی معصوم بیٹیاں پاکیزہ اور دلیر انداز و آواز میں آپ کا استقبال کررہی ہیں ۔
مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ ہجرت کے وقت رسول کریم ﷺ کی خدمت عالیہ میں چھوٹی بچیوں نے’’طلع البدر علینا‘‘ جیسے اشعار پیش کئے تھے ۔ یہ اشعار سنتے ہی آپ پر عجیب و غریب کیفیت طاری ہونا شروع ہوجائے گی گویاآپ عقیدت و محبت کے پھول اپنے ہاتھوں سے نچھاور کررہے ہیں۔ پھر تسلسل سے مختلف واقعات کو بڑی بڑی اسکرینوں پر دکھایاگیا ہے جن میں مسجد نبوی شریف کی تعمیر ، غزوہ بدر ، غزوہ احد اور دیگر اہم واقعات کو نہایت معیاری ، عمدہ اور تحقیقی انداز میں پیش کیا گیا ہے ۔ یہاں واقعات کے صحیح ترین حوالہ جات کا اہتمام بھی کیا گیا ہے ۔ اس گیلری میں نبی کریم ﷺ کے وصال تک اور پھر خلفائے راشدین رضی اللہ عنہم ، بنو امیہ اور بنو عباس کے حالات و واقعات کو بھی بیان کیا گیا ہے ۔ یہ حصہ اس عجائب گھر کا مرکزی حصہ ہے ۔
چھٹے حصے میں پہلی سعودی ریاست الدرعیہ کے واقعات کو ماڈلز کی صورت میں ایسے خوبصورت انداز میں پیش کیا گیا ہے کہ اس پر اصل کا گمان ہوتا ہے ۔ اس حصے میں امام محمد بن عبدالوہاب ، امام محمد بن سعود کے حالات وواقعات بیان کئے گئے ہیں۔ ساتھ ہی امام ترکی بن عبداللہ اور امام عبدالرحمن الفیصل کے اپنے وطن سے ہجرت کے واقعات کو بھی اجاگر کیا گیا ہے ۔
ساتویں حصے میں1902ء بمطابق1319ھ کو ملک عبدالعزیز بن عبدالرحمن آل سعود کی اپنے وطن واپسی اور اس کے بعد کی فتوحات کے سلسلے کو دکھایا گیا ہے ۔ اس حصہ میں ایک بہت بڑا سنیما ہال بھی ہے جس میں نہایت آرام دہ کرسیاں اور سامنے بہت بڑی اسکرین نصب ہے جس میں ملک عبدالعزیز آل سعود کی فتوحات ، امام عبدالوہاب کی دعوت توحید و سنت مبارکہ ، مملکت سعودی عرب کے قیام اور اس دور میں سعوری عرب کی ترقی اور دوسرے ممالک سے سفارتی تعلقات کو نہایت ہی جامع انداز میں دکھایا گیا ہے ۔
آٹھویں اور آخری حصے میں کرہ ارض کے مقدس مقامات مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کی تاریخ ماڈلز کی صورت میں پیش کی گئی ہے اور تسلسل کے ساتھ ان کے مختلف تعمیراتی ادوار کو دکھایاگیا ہے ۔ آل سعود کی حاجیوں کے لئے نمایاں خدمات کو بیان کیا گیا ہے ۔
King Abdulaziz Magnificent Museum in Riyadh
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں