ہند جرمنی کا مختلف شعبوں میں تعاون سے اتفاق - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-09

ہند جرمنی کا مختلف شعبوں میں تعاون سے اتفاق

ہندوستان اور جرمنی نے آج مختلف شعبوں میں تعاون کے لئے ایک ٹھوس لائحہ عمل کو قطعیت دینے سے اتفاق کرلیا ہے ۔ دونوں ملکوں نے صلاحیتوں کے فروغ ، صاف ستھری توانائی ، سالڈویسٹ مینجمنٹ ، ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ اور دریاؤں کی صفائی کے شعبوں میں باہمی تعاون کو قطعیت دینے سے اتفاق کیا ہے۔ ان مسائل پر وزیر اعظم نریندر مودی اور جرمنی کے دورہ کنندہ وزیر خارجہ فرانک والٹر اشٹائن مائر کے درمیان ملاقات میں غوروخوض کیا گیا ۔ جرمن وزیر خارجہ نے آج یہاں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی ۔ وزیر اعظم نے ہند۔ جرمنی کو جو جمہوری اقدار کے پابند ہیں، ایک دوسرے کے لئے موزوں قرار دیا ۔ دونوں ممالک مینو فیکچرنگ اور انفراسٹرکچر کے فروغ میں شراکت داری کے ذریعہ صنعتی ترقی کے مستقبل کو اپنی صلاحیتوں اور وسائل سے مالا مال کرنے کی طاقت رکھتے ہیں ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جرمنی کی صلاحیتوں کے فروغ کے شعبہ میں طاقت اور تجربہ کا استعمال کرتے ہوئے دونوں ملک ہندوستانی نوجوانوں کی تربیت کے لئے ایک ٹھوس اور مقررہ مدت کا منصوبہ تیارکرسکتے ہیں ، تاکہ ہنر مند انسانی وسائل کی ہندوستانی اور عالمی ضروریات کی تکمیل کی جاسکے ۔ وزیر اعظم نے صاف ستھری توانائی کے شعبے میں جاری تعاون کو برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے سالڈویسٹ مینجمنٹ، واٹر ٹریٹمنٹ اور دریاؤں کی صفائی کے شعبہ میں نئی شراکت داری کی ضرورت کو اجاگر کیا ۔ اس بات سے اتفاق کیا گیا کہ دونوں ملک آئندہ بین حکومتی مشاورتی اجلاس میں مذکورہ شعبوں میں تعاون کے لئے ایک ٹھوس لائحہ عمل کو قطعیت دیں گے ۔ جرمنی کے شہر ہینور میں منعقد ہونے والے اجلاس ’’ ہینور میسی2015‘‘ سے قبل مسائل پر مرکوز ورکشاپس منعقد کی جائیں گی ۔ ڈاکٹر اشٹائن مائر نے ہندوستان کی نئی حکومت کے ساتھ کام کرنے جرمنی کی خواہش سے واقف کرایا تاکہ باہمی تعلقات کو مزید وسعت دی جاسکے اور گہرائی و گیرائی عطا کی جاسکے ۔انہوں نے ہینور میسی 2015میں بحیثیت شراکت دار ملک شرکت کرنے جرمن چانسلر انجیلا مرکل کی جانب سے دی گئی دعوت کو قبول کرنے کا خیر مقدم کیا۔ وزیر اعظم نے جرمن چانسلر انجیلا مرکل کے ساتھ17جولائی کو فون پر کی گئی ثمر آور گفتگو کی یاد تازہ کی۔ وہ اس وقت جرمنی سے گزر رہے تھے ۔ انہوں نے اس بات کی ستائش کی کہ انجیلا مرکل، ہند۔ جرمنی تعلقات سے شخصی دلچسپی رکھتی ہیں اور ان کی پابند ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہندستان2015میں بین حکومتی مشاورت کے آئندہ مرحلہ میں جرمن چانسلر کی شرکت کا منتظر ہے ۔ وزیر اعظم نے گزشتہ ایک دہے کے دوران جرمنی کی شاندار اقتصادی ترقی کی بھی ستائش کی ۔

India, Germany agree to broaden bilateral cooperation

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں